نئی دہلی(نیوز ڈیسک)بھارتی فضائیہ کا ایک اور طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی فضائیہ کا طیارہ تباہ ہو گیا جس میں ایک پائلٹ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فضائیہ کا طیارہ تربیتی پرواز پر تھا کہ تلن کے علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا جس میں ٹرینی پائلٹ ہلاک ہو گیا۔ ابھی یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ طیارہ کیسے گرا، بھارتی فضائیہ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب بھارتی فضائیہ کا طیارہ تباہ ہوا ہو، چند روز قبل بھی بھارتی فضائیہ کا مگ 35طیارہ گر کے تباہ ہو گیا تھا اور اس سے قبل بھی ایسے واقعات رونما ہوتے رہے ہیں۔یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارت میں ہر سال 8 اکتوبر کو یوم فضائیہ منایا جاتا ہے۔ اس سلسلے میں بھارتی فضائیہ کی فل ڈریس ریہرسل بھی جاری ہے، جہاں روسی ساختہ فورتھ جنریشن کے طیارے سوخوئی
30 ایم کے آئی نے بھارتی ایئرچیف کو ورٹیکل چارلی مینور کے دوران فضائی سلامی دی۔دوسری جانب بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ وہ رواں ماہ فرانس میں ہونے والی شاسترا پوجا ( یعنی اسلحہ کی عبادت ) میں شریک ہونگے، جہاں وہ فرانس سے ملنے والے ابتدائی 35 رافیئل طیارے وصول کریں گے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھارتی ایئر چیف نے اپنی ہی ایئرفورس کی بدترین کارکردگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی فضائیہ نے غلطی سے ہم اپنا ہی ہیلی کاپٹر کو پاکستانی طیارہ سمجھ کر میزائل سے تباہ کیا تھا۔بھارتی ميڈيا کے مطابق رواں سال جنوری سے اب تک مگ، ميراج اور جيگوار سميت بھارتی فوج کے 21 سے زائد جيٹ طيارے اور ہيلی کاپٹر تباہ ہوچکے ہيں۔بھارت کے فوجی فضائی حادثات میں 20 سے زائد فوجی افسران و اہلکار ہلاک ہوئے۔ چند دن پہلے بھی گواليار ميں بھارتی مگ 21 طيارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔