Monday February 24, 2025

کل مودی نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی، وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم کی کلاس لے لی

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کل بھارتی وزیراعظم نے بہت جارحانہ زبان استعمال کی، پاکستان تیار ہے لیکن دوسری طرف بھی ثالثی کی پیشکش قبول کرے تو تب ہی میں ثالثی کروا سکتا ہوں۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔ دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ملاقات امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں ہوئی ہے۔

اس ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ روز ہوسٹن جلسے میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کافی جارحانہ زبان کا استعمال کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کروانے کی پیش کش کی۔ تاہم اس موقع پر یہ بھی کہا کہ پاکستان تو امریکا کی ثالثی کیلئے تیار ہے، لیکن بھارت اس سے انکار کر رہا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور بھارتی وزیراعظم سے بہت اچھے تعلقات ہیں تاہم جب تک بھارت بھی راضی نہیں ہوتا، تب تک وہ عملی طور پر ثالثی کا کردار نہیں ادا کر سکتے۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ مجھ سے پہلےامریکی قیادت نے پاکستان سے اچھا سلوک نہیں کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانیوں کو شکرگزار ہونا چاہیئے کہ انہیں ایسا عظیم اور شاندار لیڈر ملا ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں افغان مسئلے پر بات کرنا چاہتا ہوں یہ مسئلہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ اس ملاقات سے قبل وزیراعظم نے امریکی تھنک ٹینک سے بات چیت کرتے ہوئے واضح کیا تھا کہ پاکستان نے نائن الیون حملوں کے بعد امریکا کا ساتھ دے کر غلطی کی تھی۔ اس غلطی کے باعث ہی پاکستان میں ہزاروں شہری شہید ہوئے، جبکہ پاکستانی معیشت کو اربوں ڈالرز کا نقصان بھی ہوا۔