کویت سٹی : سعودی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد کویت نے اپنی فوج کو جنگ کی تیاری کرنے کا حکم دے دیا، کویتی فوج کیلئے ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے اسے مسلسل چوکنا رہنے کی تلقین، امریکا نے بھی حملے کے بعد جوابی کاروائی کیلئے سعودی عرب کو پیش کش کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کے بعد کویت نے اپنی فوج کیلئے ہنگامی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
کویت کی جانب سے اپنی فوج کو جنگی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا گیا ہے۔ کویتی حکومت کے حکم نامے کے بعد کویت فوج فوری طور پر ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔ یہ ہنگامی قدم مشرق وسطیٰ میں منڈلا رہے جنگ کے بادلوں کے باعث اٹھایا گیا ہے۔ دوسری جانب امریکا نے بھی اعلان کیا ہے کہ وہ سعودی عرب کی تیل تنصیبات پر حملے کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ جیسے ہی سعودی عرب اس سلسلے میں مدد کی درخواست کرے گا، امریکا فوری ایکشن میں آ جائے گا۔ جبکہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ایران کی طرف سے لاحق خطرات سے صرف سعودی عرب کو ہی خطرہ نہیں بلکہ پورا خطہ اور عالمی سلامتی ایران کی وجہ سے خطرے میں ہے۔سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق ولی عہد نے ان خیالات کا اظہار امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر سے ٹیلیفون پر گفتگو میں کیا۔
ایسپر نے شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کیا اور ان سے ارامکو حملوں اور اس کے بعد پیدا ہونیو الی صورت حال تبادلہ خیال کیا۔امریکی وزیر دفاع نے بعقیق اور خریص میں تیل کی دو تنصیبات پر حالیہ حملوں کے بارے میں امریکی موقف سے آگاہ کیا اور ان حملوں کے ذمہ داروں سے نمٹنے کے لیے سعودی قیادت کو ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔ امریکی وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ ارامکو حملوں کے ذمہ داروں سے نمٹنے کے لیے تمام آپشن کھلے ہیں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ ایرانی دھمکیوں کا ہدف نہ صرف سعودی عرب ہے بلکہ ایران مشرق وسطی اور پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر نے ٹویٹر پر کہا کہ انہوں نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے آرمکو کی تیل کی دو تنصیبات پر تازہ ترین حملے کے بارے میں بات کی ہے۔