نئی دہلی(نیوزڈیسک) بھارتی فوج کا سابق لیفٹیننٹ جنرل سیدعطاحسنین آئی ایس پی آر کے معترف ہو گئے، انہوں نے بہترین خدمات سرانجام دینے پرپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی بہترین حکمت عملی کوسراہا۔لندن میں سٹریٹجک علوم کے بین الوقوامی ادارے کے سیمینار میں گفتگو کرتے ہوئے بھارتی لیفٹیننٹ جنرل نے کہا کہ آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج اور
کشمیریوں کے درمیان بڑھتی اجنبیت اور خلیج کو یقینی بنانے میں شاندار کردار ادا کیا۔ پاکستان نے اطلاعات کی جنگ میں جس حکمت عملی کا مظاہرہ کیا ہے وہ انتہائی قابل تعریف ہے، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ملک کے لئے بہترین پیشہ ورانہ خدمات انجام دی ہیں۔نجی نیوز چینل دنیا نیوز کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت میں تنازعات کے حل کی سمجھ بوجھ کے فقدان کے باعث پلوامہ حملے جیسا واقعہ رونما ہو سکتا ہے، بھارتی فوج نے گزشتہ 30 سال میں کئی تذویراتی غلطیاں کی ہیں،فوجی کارروائیوں کونفسیاتی جنگ کے طور پر استعمال کرنا بھارت کی فاش غلطی تھی۔سیّد عطا کا کہنا تھا کہ کشمیرکا مسئلہ طاقت کے استعمال سے حل نہیں کیا جاسکتا، بھارت کو بالآخر مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے وحشیانہ استعمال کی پالیسی ترک کرناہو گی۔