Tuesday January 21, 2025

یاسین ملک کی دل کی شریانوں سے متعلق رپورٹ کے نتیجے کو بھارتی خفیہ ایجنسی کے نااہل افسران منی لانڈرنگ سمجھ بیٹھے

سری نگر(نیوز ڈیسک)بھارت کے سب سے بڑے قومی تفیشی ادارے (نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی) نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کے معالج کو حراست میں لے کر تفتیش کی ہے۔بھارتی تفتیشی ادارے کو یاسین ملک کی دل سے متعلق طبی رپورٹ میں ‘منی لانڈرنگ’ نظر آنے لگی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بیمار حریت رہنما یاسین ملک کے دل میں تکلیف کے باعث کچھ طبی ٹیسٹس کیے گئے، ایکو گرافی کے ساتھ دل کی شریانوں سے متعلق خون کی ایک رپورٹ میں نتیجہ INR 2.78 آئی جو کہ نارمل ویلیو ہے۔یاسین ملک کی رپورٹ بھارت کے تفتیشی اداروں کے نااہل افسران تک پہنچی تو نالائق افسران نے INR کو بھارتی کرنسی انڈین روپیہ سمجھا اور 2.78 کو 2 کروڑ 78 ہزار مالیت سمجھتے ہوئے منی لانڈرنگ کی تحقیقات شروع کردیں۔

بھارتی تفتیشی ادارے کے افسران یاسین ملک کے ماہر امراض قلب ڈاکٹر اُپندرا کاؤل کے اسپتال پہنچ گئے اور انہیں اپنے ہمراہ لے گئے۔ ہکا بکا معالج قلب کو تفتیش کے لیے لانے کا سبب بتایا گیا تو وہ ہنس ہنس کر لوٹ پوٹ ہوگئے۔ماہر امراض قلب ڈاکٹر اُپندرا نے بھارت کے قومی تفتیشی ادارے کے افسران کو قہقہہ لگاتے ہوئے بتایا کہ رپورٹ میں آپ جس INR کو انڈین روپیہ سمجھ رہے ہیں وہ دراصل میڈیکل اصطلاح Internationalised Normalised Ratio کا مخفف ہے۔بھارتی قومی تفتیشی ادارے کے افسران نے ڈاکٹر اپندرا سے معذرت کرتے ہوئے بتایا کہ جب اسیر حریت پسند رہنما یاسین ملک نے اپنے موبائل فون سے آپ کو رپورٹ سے آگاہ کرنے کے لیے ٹیکسٹ میسیج میں Value INR 2.78 لکھ کر بھیجا تو ہم سمجھے یہ 2.78 انڈین روپے ہیں جو منی لانڈرنگ میں استعمال ہوں گے۔

FOLLOW US