Tuesday January 21, 2025

زلمے خلیل زاد نے امریکہ طالبان کامیاب مذاکرات کی تصدیق کر دی

لاہور: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد نے امریکا طالبان کامیاب مذاکرات کی تصدیق کردی، انہوں نے کہا کہ طالبان کیساتھ مفاہمتی امن عمل کے قریب پہنچ چکے ہیں، کامیاب امن معاہدے سے افغانستان میں پُرتشدد کے واقعات میں کمی آئے گی، پھر افغانستان کی زمین دہشتگردی کیلئے کسی ملک کیخلاف استعمال نہیں ہوگی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا اور طالبان کے درمیان کے قطر میں مذاکرات جاری ہیں، قطر میں امریکا اور افغان طالبان کے درمیان مذاکرات کے 9دور ہوئے ہیں، ان مذاکرات میں افغان طالبان کی شرائط کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔ سوشل میڈیا پرزلمے خلیل زاد نے اپنے بیان میں کہا کہ کامیاب امن معاہدے سے ایک ایسا افغانستان ابھر کرسامنے آئے گا۔

جو اپنی زمین دہشتگردی کیلئے کسی دوسرے ملک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ بلکہ افغانستان میں امن ہوگا اور تشدد کے واقعات میں کمی آئے گی جس سے افغانستان کی بین الاقوامی سطح پر مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ طالبان کیساتھ مفاہمتی امن عمل کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ واضح رہے دو روز قبل ترجمان افغان طالبان نے بھی دعویٰ کیا تھا کہ امریکا نے 98 فیصد مطالبات مان لیے ہیں، افغانستان کا نیا نام ”اسلامی امارات افغانستان “ رکھنے کی شرط بھی مان لی گئی ، معاہدے پر دستخط کے بعد امریکی افواج اور طالبان مکمل جنگ بندی کے پابند ہوں گے۔ معاہدے پر دستخط ہونے کا قوی امکان ہے۔ معاہدے کے بعد افغان طالبان اور امریکی افواج مکمل جنگ بندی کے پابند ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکا اور افغان طالبان مذاکرات کے بعد انٹرا افغان طالبان مذاکرات شروع ہوں گے۔ افغان طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے 98 فیصد مطالبات مان لیے ہیں۔ ترجمان افغان طالبان کا کہنا ہے کہ افغان طالبان افغانستان کا نام ”اسلامی امارات افغانستان “ رکھنا چاہتے تھے۔

امریکا مان گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت بنانے کے بعد افغانستان کا نام ”اسلامی امارات افغانستان “ رکھ لیں۔ مزید برآں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ دوحہ میں مذاکرات کے پانچویں مرحلے میں مثبت پیش رفت ہوئی اور اب ہم باقی ماندہ نکات کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ ترجمان طالبان نے کہا کہ جیسے ہی باقی ماندہ نکات کو حتمی شکل دی جائے گی پھر معاہدہ طے پاجائے گا۔

FOLLOW US