اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان بھارت کی بدترین صورتحال کا عکاس ہے،ایسی صورتحال جس میں بھارت اس وقت پھنسا ہوا ہے، یہ صورتحال بھارتی غیر قانونی ویکطرفہ فیصلوں کے باعث پیدا ہوئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی ہرزہ سرائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیر دفاع کا بیان اس بدترین صورتحال کا عکاس ہے جس میں بھارت اس وقت پھنسا ہوا ہے۔یہ صورتحال بھارتی غیر قانونی ویکطرفہ فیصلوں کے باعث پیدا ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی اقدام سے خطے اور خطے سے
باہر کا امن واستحکام متاثر ہوا۔ جموں وکشمیرمیں تمام آبادی کا لاک ڈاؤن قابل مذمت ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں یہ لاک ڈاؤن دو ہفتے سے جاری ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاک ڈاؤن سے انسانی المیہ مزید گہرا ہوتا جا رہا ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں اورمیڈیا نے بھی اس صورتحال کورپورٹ کیا ہے۔ عالمی برادری سمیت سلامتی کونسل نے بھی اس صورتحال کا ادراک کیا ہے۔ اسی طرح وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے ایک بیان میں کابل بم دھماکے میں کثیر تعداد میں ہونے والی شہادتوں پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے خود دہشت گردی کے خلاف ایک طویل جنگ لڑی ہے ۔ انہوں نے کابل دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کے لئے جلد صحت یابی کی دعا کی ہے۔ دوسری جانب غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق کشمیرکی خصوصی حیثیت تبدیل کرنے کے بعد ہزاروں کشمیری گرفتار کرلیے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں کرفیوکے نفاذ سے اب تک گرفتاریوں کی تعداد4000 ہوگئی۔ بھارتی حکومتی گرفتار کشمیریوں کو بغیر کسی وجہ کے دوسال تک جیل میں رکھ سکتی ہے۔