Monday February 24, 2025

روس نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی ہی نہیں، شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد (نیوزڈیسک) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ روس نے وزیراعظم کو دورے کی دعوت دی ہی نہیں، روس کے صدر نے جھوٹ پکڑوا دیا،روسی صدر کہتے ہیں انہوں نے دورے کی دعوت ہی نہیں دی، اب امریکا والوں سے پتا کر لینا چاہیے کہ انہوں نے بلایا بھی ہے یا خود ہی چل پڑیں گے؟ جس حکومت کی ملک میں عزت نہیں اس کی

بیرونی دنیا میں بھی عزت نہیں۔ انہوں نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی تب ہی کرتے ہیں جب عوامی حکومت اقتدار میں ہو۔ انصاف کے نظام سے عوام کا اعتماد اٹھ جائے تو ملک ترقی نہیں کرتے۔ ہمارا لیڈر نوازشریف عوامی فلاح اور آئین کی بالادستی کے لیے کھڑا رہا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سامنے آئیں عوام کو بتائیں کیا اور کہاں کرپشن ہوئی؟ عوام کو بتائے ایک سال میں کتنی کرپشن ثابت کر سکا ہے؟ریاست مدینہ کے وزیر روز کہتے ہیں شواہد مل گئے ہیں۔ عمران خان کا وزیرصحت ادویات منہگی کر کے پیسا کھا کرملک سے بھاگ گیا۔ اس سے قبل سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آج بدھ کو یہاں نیشنل پریس کلب میں سابق وزیر داخلہ احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تین دن پہلے ہم نے تصدیق کے بعد محترم جج کی ویڈیو قوم کے سامنے رکھی کیونکہ تمام حقائق قوم کے سامنے رکھنا ضروری تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کے اداروں کے تحفظ کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ کسی کی ناکامیاں قومی اداروں کے کھاتے میں پڑیں۔ بار بار اداروں کا نام استعمال

کر کے ان کی غیر جانبداری کو متنازعہ بنانادرست نہیں۔ ہم عدلیہ کو پاکستان میں قانون کی حکمرانی کی جان تصور کرتے ہیں۔ ہم کسی کو بلیک میل نہیں کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ ہم قومی اداروں کو سیاسی تنازعات سے باہر رکھنا چاہتے ہیں۔ احسن اقبال نے کہاکہ رانا ثناء اللہ کو نیب اور ایف آئی اے کے ذریعے پکڑا گیا ہے۔