نئی دہلی (نیوزڈیسک) بھارت کی مسلح افواج میں ہر گزرتے دن کے ساتھ نوکری چھوڑنے کے رجحان میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس کے باعث بھارتی افواج میں افسران کی شدید قلت ہو گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی افواج کو خیرباد کہنے کے رجحان میں بڑے پیمانے پر اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے اور 2016 سے 2018 کے درمیان 2100
افسران نوکری چھوڑ چکے ہیں۔کے ایم ایس کے مطابق بھارتی حکومت نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ اس عر صے کے دوران 1148 افسران نے بری فوج، 575 افسران نے بھارتی فضائیہ اور 377 افسران نے بھارتی بحریہ کی نوکریاں چھوڑیں۔بھارت کے دفاعی امور کے وزیر مملکت شری پد نایک نے تینوں مسلح افواج کے بارے میں ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ 2016 میں فوج کے 353 افسران، 2017 میں 383 اور 2018 میں 412 افسران نے نوکریاں چھوڑیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ 2016 میں بھارتی فضائیہ کے 186 افسران، 2017 میں 205 جب کہ 2018 میں بھی 186 افسران نے نوکری چھوڑ دی۔ وزیر مملکت نے کہا کہ بحری فوج کے 138 افسران نے 2016 میں اپنی نوکری کو خیر باد کہا جب کہ 2017 میں یہ تعداد 137 اور 2018 میں 102 رہی۔خیال رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 2017 سے اب تک 420 کے قریب بھارتی فوجی اور افسران یا تو خود کشیاں کر چکے ہیں یا پھر آپسی لڑائی میں ہلاک ہو گئے ہیں۔