ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے میں امریکہ ، سعودی عرب اور دیگر ممالک کا کردار اعلانیہ تھا لیکن ایک ایسا ملک تھا جس نے خفیہ طور پر پاک بھارت کشیدگی کے خاتمے کے لیے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ ایکسپریس ٹربیون کے مطابق یہ ملک روس تھا۔ جب بھارت کی بالاکوٹ میں مبینہ بمباری کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے
پاکستانی شاہینوں نے اس کے دو طیارے مار گرائے اور ایک پائلٹ کو پکڑ لیا۔ اس کے بعد صورتحال اتنی سنگین ہو گئی کہ جنگ یقینی نظر آ رہی تھی۔ اس صورتحال پر پوری دنیا میں ہلچل مچ گئی اور امریکہ، چین، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک کشیدگی ختم کرنے کے لیے متحرک ہو گئے۔ اس دوران روس نے کشیدگی کے خاتمے کے لیے سب سے اہم کردار ادا کیا تاہم اس نے اپنے کردار کو مخفی رکھا۔ اب روس کے اس کردار کو منظرعام پر لاتے ہوئے معاملے سے آگاہ ایک سینئر پاکستانی عہدیدار نے بتایا ہے کہ ”اگر میں کہوں کہ پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرانے میں روس کا کردار سب سے زیادہ اہم تھا تو یہ غلط نہ ہو گا۔ عام تاثر ہے کہ اس سارے معاملے میں امریکہ کا کردار سب سے اہم تھا لیکن یہ غلط ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ روس نے پس منظر میں رہتے ہوئے پاک بھارت کشیدگی ختم کرائی۔ پاکستان کی طرف سے بھارتی طیارے گرائے جانے کے بعد کشیدگی کے خاتمے تک روس مسلسل پاکستان اور بھارت کے حکام کے ساتھ رابطے میں رہا۔ روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو فون کال بھی کی اور انہیں جنگ سے باز
رہنے کی ہدایت کی۔ اسی دوران روسی وزیرخارجہ سرگئی لاروف نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ رابطہ کیا اور بتایا کہ روس پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ پاکستان نے روس کی یہ پیشکش فوراً قبول کر لی۔ ماضی کے برعکس اس بار پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں روس نے امریکہ سے زیادہ مستعدی کا مظاہرہ کیا۔“