نئی دہلی(آئی این پی)بھارتی شہر چنڈی گڑھ میں واقع بھارتی فضائیہ (آئی اے ایف ) کے 12ویں ونگ ایئرفورس مرکز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں چِنوک ہیوی لفٹ ہیلی کاپٹر کی پہلی یونٹ فضائیہ میں شامل کی گئی۔ تقریب میں ایئر چیف مارشل بی ایس دھنوا بھی شریک ہوئے۔بھارتی فضائیہ کی جانب سے دی گئی اطلاع کے مطابق چنوک ہیلی کاپٹر 19ممالک کی فضائی افواج استعمال کررہی ہیں
۔اس ہیلی کاپٹر کے ذریعے فوجی،اسلحہ ، ایندھن اور دیگر ضروری سامان منتقل کئے جاتے ہیں۔ یہ جنگ اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کیلئے ایئر لفٹ کی سہولت مہیا کرتا ہے۔ایئر چیف مارشل بی ایس دھنو ا نے بتایا کہ چنوک ہیلی کاپٹر صرف دن میں ہی نہیں بلکہ رات کی تاریکی میں بھی آپریشن کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے سامنے سیکیورٹی کے حوالے سے کئی بڑے چیلنجز درپیش ہیں۔ مشکل مقامات کیلئے اس قسم کی صلاحیت والے ہیلی کاپٹرکی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چنوک کو ہندوستان کی ضرورتوں کے لحاظ سے تیار کیا گیا ہے ۔یہ قومی ملکیت ہے۔ہندوستان ویب سائٹ کے مطابق امریکی ایرواسپیس کمپنی”boeing chinook”نے10فروری کو ہندوستانی فضائیہ کیلئے 4 چنوک ہیلی کاپٹر گجرات کی مندرا بندرگاہ پر مہیا کئے۔کمپنی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی ایچ 47ایف (آئی ) کو چنڈی گڑھ لے جایا جائیگا جہاں انہیں رسمی طور پر ہندوستانی فضائیہ میں شامل کیا جائیگا۔