مکّہ: ’غرور انسان کو لا دین اور کافر بنا دیتا ہے‘: امامِ حرم
مکّہ مکرمہ(نیوزڈیسک) گزشتہ روز مسجد الحرام کے امام و خطیب شیخ ڈاکٹر سعود الشریم نے اپنے ایمان افروز خطبہ جمعہ کے دوران اُمتِ مُسلمہ کو تلقین کی کہ وہ خود کو غرور اور تکبر سے پرے رکھیں کیونکہ غرور دِین کا دُشمن ہے ۔ غرور کے باعث نیکیاں ملیامیٹ ہو جاتی ہیں اور یہ انسان کو لادین اور کافر بنا دیتا ہے۔ امام حرم نے مزید کہا ہے کہ متکبر انسان
لوگوں کی حق تلفی کا مرتکب ہوتا ہے۔ متکبر انسان اس فریب کا شکار ہوتے ہیں کہ دُنیا کی یہ زندگی ہمیشہ رہنے والی ہے اور وہ کبھی وقت کی پکڑ میں نہیں آئیں گے۔ ایسے لوگ فکر آخرت سے آنکھیں پھیر لیتے ہیں۔ ان کے لیے بڑائی کا معیار، مال و دولت، حسب نسب اور اعلیٰ عہدے ہی رہ جاتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے اپنے کلام اور رسول آخر الزمان محمد مصطفیﷺ نے احادیث مبارکہ میں غرور سے خبردار کیا ہے۔ کیونکہ غرو رکے باعث انسان کی انکساری اور تواضع رخصت ہو جاتی ہے۔ غرور انسان کا گھر تباہ کرنے کا باعث بنتا ہے اور دُنیا اور آخرت میں ذلت و رُسوائی ہی مقدر بنتی ہے۔ اگر کسی متکبر و مغرور انسان کو پتا چل جائے کہ اُس کا غرور اُس کے لیے ڈھیر تباہی لائے گا تو وہ کبھی خود کو غرو رکے چنگل میں نہ پھنسے دے۔ امام حرم نے کہا کہ انسان کو خود اعتماد ہونا چاہیے تاہم اس کے ساتھ انکساری اور عاجزی بھی لازم ہے۔ اگر یہ چیزیں نہ ہوں تو پھر انسان غرور میں مبتلا ہو جاتا ہے۔ غرور دراصل کسی شخص کی حد سے زیادہ خود پسندی کے نتیجے میں جنم لیتا ہے۔ مغرور آدمی کی خود پرستی کی پیاس کبھی بُجھنے کا نام نہیں لیتی۔