بھارت نے پہلی ایٹمی آبدوز چلا دی وزیر اعظم مودی نے کامیاب تجربہ کرتے ہی دھمکی دے ڈالی
نئی دہلی(آئی این پی)زمین سے فضا اور سمندر میں جوہری ہتھیار چلانے کی صلاحیت کے حامل بھارت میں بنے پہلے جوہری آبدوز کی پیٹرولنگ مکمل ہوگئی، آئی این ایس اریہانت جوہری دھمکی دینے والوں کو کرارا جواب ہے۔ بھارتی خبر رساں ادارے کی تفصیلات کے مطابق زمین سے فضا اور سمندر میں جوہری ہتھیار چلانے کی صلاحیت کے حامل بھارت
میں بنے پہلے جوہری آبدوز کی پیٹرولنگ مکمل ہوگئی۔بھارت جس کے شمال میں جوہری قوت کا حامل چین اور مغرب میں جوہری طاقت رکھنے والا پاکستان موجود ہیں، دونوں ممالک سے جنگیں کر چکا ہے، بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا تھا کہ آئی این ایس اریہانت جوہری دھمکی دینے والوں کو کرارا جواب ہے۔تاہم انہوں نے اپنے بیان کی مزید وضاحت نہیں کی۔بھارتی نشریاتی اداروں پر نشر ہونے والے نریندر مودی کے آبدوز کے عملے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے اطراف میں جوہری ہتھیاروں کی تعداد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے ہماری قومی سلامتی کے لیے ان کا جواب دینا انتہائی ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اریہانت ہمارے دشمنوں کے لیے کھلی دھمکی ہے، بھارت کہ خلاف کوئی بھی سازش نہ کرے۔واضح رہے کہ بھارت کے چین کے ساتھ تعلقات بحالی کی جانب جارہے ہیں، بالخصوص تجارتی امور میں تاہم پاکستان کے لیے نریندر مودی نے سخت حکمت عملی اپنا رکھی ہے۔مودی کا کہنا تھا کہ 2016 میں بننے والے اریہانت کی مہینے بھر کی کامیاب پیٹرولنگ کے بعد بھارت نے جوہری آزمائش کے 20 سال میں جہاز، میزائل اور آبدوز کے ذریعے جوہری ہتھیار کو منتقل کرنے کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔