واشنگٹن (نیوزڈیسک)امریکا نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے روس سے میزائل سسٹم خریدا تو اسے پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی معاون وزیر دفاع رینڈل شرائیور نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے روس سے ایس400-میزائل سسٹم کی خریداری پر امریکا کو سخت تحفظات ہیں، اگر بھارت نے میزائل سسٹم خریدا
تو اسے امریکی پابندیوں سے خصوصی استثنا کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی۔واضح رہے کہ روس کے خلاف امریکا کے موجودہ قواعد و ضوابط کے مطابق روس سے دفاعی یا انٹیلی جنس معاملات کرنے والے کسی تیسرے ملک کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، تاہم امریکی وزیر دفاع کی کوششوں کے بعد کانگریس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر خارجہ مائیک پومپیو کو یہ اختیار دیا ہے کہ وہ کسی ملک کو پابندیوں سے مستثنیٰ قرار دے سکتے ہیں۔