Sunday January 19, 2025

پاکستان دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے اپنی سیکیورٹی پر توجہ دے، ترجمان افغان حکومت

کابل : افغانستان کی عبوری حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ پاکستان حملوں کا الزام دوسروں پر لگانے کے بجائے اپنی سیکیورٹی پر توجہ دے ۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے حالیہ واقعے کے بعد پاکستانی حکام نے ایک بار پھر اپنے ملک کی سیکیورٹی کو مضبوط کرنے کے بجائے افغانستان پر الزام لگایا ہے، دہشتگردی سے متعلق افغانستان اور پاکستان کو مشترکہ حل تلاش کرنا چاہیے کیوں کہ الزام لگانا کسی بھی چیز کا حل نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ افغانستان میں امارت اسلامیہ کے قیام کے بعد سے دو برسوں میں ملک اور خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے البتہ صرف پاکستان میں سیکیورٹی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ یہ اس ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ خود ہی اس کا حل تلاش کرے۔ ترجمان طالبان نے کہا کہ امارت اسلامیہ افغانستان ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتی ہے اور اصرار کرتی ہے کہ افغانستان ایک ایسا ملک ہے جو دیرپا جنگ سے نکلا ہے اور وہ کسی بھی ملک بالخصوص پڑوسی ممالک کی سلامتی کو خطرہ نہیں بنانا چاہتا۔

FOLLOW US