اسلام آباد : عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 5 فیصد کم ہوگئی۔ قیمت میں کمی کے بعد خام تیل 86 ڈالر فی بیرل پر آگیا ، گیس کی قیمت مین بھی 4 فیصد کمی ریکارڈ۔ تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 5 فیصد کم ہوگئی۔ دوران ٹریڈنگ برینٹ خام تیل 86 ڈالر فی بیرل پر آگیا جبکہ ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 77 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ عالمی گیس کی قیمت 4 فیصد کمی سے 6 ڈالر 8 سینٹس فی ایم ایم بی ٹی یو ریکارڈ ہوئی۔ واضح رہے کہ آج سے تین روز قبل وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ 16 نومبر سے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔ اسحاق ڈار نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں ہی برقرار رہیں گی۔
پیٹرول کی قیمت 224 روپے 80پیسے، ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 235 روپے 30 پیسے برقرار رہے گی۔ اس کے علاوہ مٹی کے تیل کی قیمت 191 روپے 83 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت 186 روپے 50 پیسے برقرار رہے گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل 31 اکتوبر کو بھی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔