اونٹاریو:کینیڈا میں اسلامو فوبیا کے بڑھتے واقعات نے مسلمانوں کو نئی پریشانی میں ڈال دیا ہے ،ایک ایسے وقت میں جب پوری دنیا میں مذہبی انتہا پسندی کیخلاف کاروائیاں کی جا رہی ہیں وہیں کینڈا میں اسلامو فوبیا کے واقعات ہر گزرتے دن کیساتھ بڑھتے جا رہےہیں ۔ کینیڈا کے مغربی صوبے البرٹا کے شہر ایڈمنٹن کے علاقے سینٹ البرٹ میں ایک ماسک پہنےشخص نے حجاب میں پیدل چلتی دو مسلمان بہنوں پر چاقو سےحملہ کرکے ایک کو بے ہوش اور دوسری کو زخمی کردیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایلڈرووڈ پارک میں ماسک پہنے شخص نے ایک لڑکی کے گلے پرچاقو رکھ کے نفرت انگیز کلمات ادا کیے اور دھمکیاں دیتے ہوئے فرارہوگیا ہے، مقامی پولیس کو ملزم کی تلاش ہے ۔
رائل ماؤنٹڈ کینیڈین پولیس(آر سی ایم پی) کے مطابق وہ نفرت سے متاثرہ اس حملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جو بدھ کے روز دوپہرکو پیش آیا تھا،دونوں بہنیں سینٹ البرٹ کی رہائشی ہیں ۔ پولیس کے مطابق مشتبہ سفید فام شخص کی عمر تقریباً پچاس سال ہے۔ واضح رہے آج صبح کینیڈا کے شہر سسکٹون میں دو چاقو بردار افراد نے حملہ کرکے پاکستانی نژاد مسلم شخص کو شدید زخمی کردیا اور داڑھی مونڈھ دی، عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق کینیڈا کے شہر سسکٹون کے رہائشی پاکستانی نژاد کاشف پر چہل قدمی کے دوران دو چاقو بردار افراد نے حملہ کردیا جس کے باعث کاشف کے ہاتھ پر گہرے زخم آئے۔ حملہ آوروں نے اسی پر بس نہیں کی بلکہ پاکستانی نژاد کاشف کی داڑھی مونڈھ دی اور نفرت آمیز جملے کستے رہے۔ لوگوں کے جمع ہونے پر حملہ آور کاشف کو زخمی حالت میں چھوڑ کرکے فرار ہوگئے۔پاکستانی نژاد کاشف کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کے ہاتھ میں 14 ٹانکے آئے ہیں۔