کینیڈا : کینیڈا میں مسلمانوں کے خلاف پرتشدد واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوگیا۔ دو سفید فام افراد نے پاکستانی شخص کو چاقو کے وار کر کے زخمی کر دیا۔ محمد کاشف کی داڑھی بھی کاٹ دی۔ تفصیلات کے مطابق کینیڈا میں اسلاموفوبیا کا ایک اور واقعہ پیش آیا ۔ کینیڈا کے علاقے سسکاٹون میں دو سفید فام افراد نے پاکستانی پر چاقو سے حملہ کیا، جس سے محمد کاشف شدید زخمی ہوگیا، بازو پر گہرے زخم آئے، 14 ٹانکے لگے، متاثرہ شخص کی داڑھی بھی کاٹ دی گئی۔ کینیڈا کے شہر سینٹ البرٹ میں گزشتہ روز بھی دو مسلم خواتین پر حملہ کیا گیا تھا۔ چاقو بردار شخص نے خواتین کو دھکے دیئے، ان پر نسلی جملے کسے، پھر حجاب کھینچ کر نیچے گرا دیئے، حملے میں ایک خاتون زخمی بھی ہوئی۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز پر کینیڈا میں اسلامو فوبیا کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں ایک شدت پسند نے مذہبی تعصب کی بنیاد پر پاکستانی خاندان کو ٹرک تلے روند دیا تھا اور اس کے نتیجے میں خاندان کے 4 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔ دو روز قبل شہید پاکستانی خاندان کے قتل کے مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات بھی شامل کر دی گئی تھیں۔ اس کے بعد غیر ملکی میڈیا کے مطابق کینیڈا کے دارالحکومت ٹورنٹو کے علاقہ اسکار بورو میں واقع اسلامک انسٹی ٹیوٹ آف ٹورنٹو میں ایک خاتون اور مرد نے زبردستی گُھسنے کی کوشش کرنے کے ساتھ مسجد میں دھماکہ خیز مواد لگانے کی سنگین دھمکیاں بھی دیں کی جس پر لوگوں نے فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ اسکار بورو ایریا میں خاتون اور مرد نے مسجد میں زبردستی گھسنے کی کوشش اور دھماکہ خیز مواد لگانے کی بھی دھمکی دی جس پر فوری پولیس کو طلب کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے کے قریب اسلامک انسٹی ٹیوٹ سے شکایت موصول ہوئی جس میں خواتین اور مرد کے زبردستی مسجد میں گھسنے اور دھمکیاں دینے کی اطلاع دی گئی۔ مسجد میں گھسنے کی کوشش کرنے والے دونوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا تھا۔