لاہور : وزیراعظم عمران خان کے غیر ملکی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں خواتین کے کپڑوں سے متعلق بیان پر سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ سمتھ کا رد عمل بھی سامنے آ گیاہے ۔ تفصیلات کے مطابق جمائمہ گولڈ سمتھ نے کسی کا نام لیے بغیر اپنی ہی پرانی ٹویٹ جو کہ انہوں نے 8 اپریل کو کی تھی ، کو ری ٹویٹ کردیا ، عمران خان کی سابق اہلیہ کا اس پیغام میں کہناتھا کہ ” انہیں یاد ہے کہ برسوں پہلے سعودی عرب میں تھی تو عبایا اور نقاب پہنی بزرگ خاتون نے افسوس کا اظہارکیا کہ جب وہ باہر گئیں تو نوجوانوں نے ان کا پیچھا کیا اور ہراساں کیا، نوجوانوں سے چھٹکارا پانے کا واحد راستہ یہ تھا کہ نقاب ہٹا دوں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ یہ نہیں کہ خواتین کس طرح کے کپڑے پہنتی ہیں۔
خیال رہے کہ امریکی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ مرد کوئی روبوٹ نہیں، عورت کپڑے کم پہنے گی تواس کا اثر توہوگا۔ وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس یہاں ڈسکو یا نائٹ کلب نہیں ہیں، یہ ایک مکمل طور پر مختلف معاشرہ ہے، جب آپ لوگوں کو اکسائیں گے تو ان نوجوانوں کے پاس جانے کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو گی تو پھر اس کے نتائج ہوں گے۔