لندن: لیڈی ڈیاناعلم نجوم کی ماہر خاتون ڈیبی فرینک کی کلائنٹ اور دوست تھیں۔ اب ڈیبی فرینک نے شہزادی ڈیانا کی زندگی کے متعلق حیران کن دعویٰ کر دیا ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ڈیبی فرینک نے صحافی ایمیئر او ہیگن کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ”ستاروں کے لحاظ سے شہزادی ڈیانا کا یہی انجام لکھا تھا جو ہوا۔ ابتداءسے ہی شہزادی ڈیانا کی زندگی اس رخ پر چل نکلی جو ان کے ستاروں کے ساتھ لگاﺅ نہیں کھاتا تھا۔ ان انہی غیرموافق عوامل میں ان کی شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی بھی شامل تھی۔وہ دونوں یکسر مختلف شخصیات کے مالک تھے جن کا ایک ساتھ زندگی گزارنا ناممکن تھا۔“
ڈیبی فرینک کا کہنا تھا کہ ”لیڈی ڈیانا کے ستاروں کے لحاظ سے ان کے لیے شہزادہ چارلس موافق شوہر نہیں تھے اور ان کی شادی کاطلاق پر منتج ہونا ناگزیر تھا۔ “ ڈیبی فرینک نے لیڈی ڈیانا کے ساتھ آخری ملاقات کے بارے میں بتایا کہ ”میں لیڈی ڈیانا سے ان کی موت سے چند ہفتے قبل ملی تھی۔ ہم نے جولائی کے آخر میں کینسگٹن پیلیس میں اکٹھے لنچ کیا تھا۔ اس کے بعد میں نے 12اگست کو ان سے فون پر بات کی تھی، جس کے 9دن بعد 31اگست 1997ءکو ان کی کار کو حادثہ پیش آ گیا اور وہ موت کے منہ میں چلی گئیں۔“ ڈیبی فرینک نے بتایا کہ ”لیڈی ڈیانا میری بہت عزیز اور بے تکلف دوست بن گئی تھیں۔ ایک بار میں نے ان سے پوچھا تھا کہ آیا انہیں شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی پر پچھتاوا ہے؟ تو انہوں نے کہا کہ ”میں چارلس سے محبت کرتی تھی۔ میں نے ان کے ساتھ شادی سے بیٹے پیدا کیے ہیں۔یہ سب کچھ میرے لیے کس قدر مشکل تھا، اس سے قطع نظر میں یہ سب کچھ دوبارہ بھی کر سکتی ہوں۔مجھے شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی پر کبھی پچھتاوا محسوس نہیں ہوا۔“