Thursday January 23, 2025

بیت المقدس کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، سعودی عرب او آئی سی اجلاس میں سعودی عرب نے نہتے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر دی

ریاض: بیت المقدس کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے، او آئی سی اجلاس میں سعودی عرب نے نہتے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کر دی- تفصیلات کے مطابق سعودی عرب نے اسرائیل کے مظالم سہہ رہے نہتے فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیت المقدس فلسطینیوں کی سرزمین، کسی کو اسے نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ یہ بات سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر فلسطینیوں کے حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا ہے۔ عالمی برادری اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ او آئی سی کے ورچوئل اجلاس سے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم بیت المقدس میں فلسطینیوں کے مکانات پر اسرائیلیوں کے قبضے کی مذمت کرتے ہیں۔

بیت القدس فلسطینیوں کی زمین ہے، اس کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اسرائیل کی خلاف ورزیوں کے سامنے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ عالمی برادری کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اسرائیلی اقدامات کو روکنا ہوگا۔دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی بربریت جاری ہے، ایک اور حملے میں مزید 26 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کی تعداد 181 ہو گئی ہے۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں شہریوں کی شہادت اور بین الاقوامی میڈیا کے دفاتر پر حملے پر سخت مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا ہے کہ غزہ کے الشاتی کیمپ میں اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے دس افراد کی شہادت پر انتونیو گوتریس نے افسوس کا اظہار کیا۔مغربی کنارے میں بیت اللحم سمیت کئی شہروں میں فلسطینیوں نے مظاہرے کئے۔ مظاہرین پر اسرائیلی فورسز نے طاقت کا بے دریغ استعمال کیا۔ صیہونی فورسز نے نوجوانوں پر فائرنگ کر دی جس سے متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ اسرائیلی فوجیوں نے میڈیا کے نمائندوں کوبھی دھکے دیئے۔ خیال رہے کہ اسلامی ممالک کی سربراہی تنظیم (او ائی سی) نے اسرائیل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی ہے۔ سعودی عرب کی درخواست پر مقبوضہ فلسطین کی صورت حال پر او آئی سی کا ورچوئل اجلاس ہوا۔

او آئی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں پراسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔او آئی سی نے مطالبہ کیا ہے کہ اسرائیل فلسطینی علاقوں پر حملے فوری بند کرے۔ او آئی سی کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل مسجدالاقصیٰ سمیت تمام مقدس مقامات کی بیحرمتی بند کرے اور سلامتی کونسل اسرائیلی بربریت رکوانے کے لیے فوری اقدام کرے۔اس سے قبل اسلامی ممالک کی تنظیم او آئی سی نے اسرائیلی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی حملوں کو بنیادی انسانی حقوق اور اخلاقیات کے خلاف اقدام قرار دیا تھا۔

FOLLOW US