Thursday January 23, 2025

سعودیہ والے روزہ دار بارش اور ٹھنڈے موسم کا مزہ لوٹنے کیلئے تیار ہو جائیں

ریاض: سعودی عرب میں اس بار رمضان کے دوران اللہ کی مہربانی سے موسم انتہائی خوشگوار رہاہے۔ رمضان کے پہلے ،دوسرے اور تیسرے ہفتے میں بہت زیادہ بارشیں ہوئی ہیں اب چوتھے ہفتے میں بھی ان بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات نے خوشخبری دی ہے کہ آج جمعہ کے روز بھی مملکت کے بیشتر علاقوں میں تیزہوائیں چلنے کے بعد گرج چمک کے ساتھ بارش ہو گی اور کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہو گی۔ خصوصاً مکہ مکرمہ ریجن، جازان، باحہ اور عسیر سمیت کئی علاقوں میں بارش کا بھرپور امکان ہے اور گہرے بادل بھی چھائے رہیں گے۔ جس سے موسم خوشگوار رہے گا۔ اس کے علاوہ الجوف، تبوک اور حدود شمالیہ میں بھی تیز گرد آلود ہوائیں چلیں گی، جس سے گرمی کی شدت میں کمی ہو جائے گی۔

۔ محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مقامی افراد اور تارکین سے کہا گیا ہے کہ بارش کے دوران وادیوں اور نشیبی علاقوں کا رُخ کرنے سے گریز کریں اور کسی بھی پکنک کی غرض سے نہ جائیں۔
کیونکہ نشیبی علاقوں میں پانی اکٹھا ہونے سے ڈرائیورز کو شدید مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔ خصوصاًگاڑیوں کے وائپرزکو سفر سے پہلے چیک کر لیا جائے کیونکہ بارش ہونے کی صورت میں وائپر خراب ہونے پر گاڑی چلانے میں انتہائی دشواری ہوتی ہے اور حادثات کا امکان بڑھ جاتا ہے۔ تمام ڈرائیورز حدِ رفتار سے تجاوز نہ کریں اور طغیانی والے علاقوں سے دُور رہنا ہی بہتر ہو گا۔ کیونکہ ماضی میں بارشوں کے دوران کئی سیاحوں اور ڈرائیورز کی وادیوں میں پانی میں پھنس جانے سے جانیں جا چکی ہیں۔واضح رہے کہ پچھلے کچھ دنوں کے دوران سعودی صحرائی علاقے میں ژالہ باری کے طوفان کی ایک حیرت انگیز ویڈیو جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے حائل شہر کے نزدیک ایک ویران جگہ پر ژالہ باری نے پورے علاقے کو ڈھانپ رکھا ہے۔گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے متعدد صوبوں میں موسلا دھار بارش کے ژالہ باری بھی ہوئی۔ بارش اورژالہ باری کے نتیجے میں علاقے میں موسم میں خنکی لوٹ آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا تھا۔طوفانی بارش حائل، قصیم، جازان، عسیر، الباحہ اور طائف کے علاقوں میں بھی خوب برسی۔ دوسری جانب سعودی عرب آتش فشانی پہاڑ پر برف باری کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

FOLLOW US