Sunday January 19, 2025

سعودی عرب میں ہوٹلوں کے نصف ملین کمرے تیار کیے جائیں گے، وزیر سیاحت

ریاض:سعودی عرب کے وزیر برائے سیاحت اور سعودی ویژن 2030 کے معیار زندگی پروگرام کے سربراہ احمد الخطیب نے کہا ہے کہ اس ویژن کا مقصد شہروں میں معیار زندگی کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے تحت کھیلوں، تفریحی اور سیاحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ انفراسٹرکچر، شہری منصوبہ بندی، مواصلات، تعلیم، صحت، رہائش اور دیگر بنیادی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق انہوں نے بتایا کہ معیار زندگی کو بہتر بنانے کے پروگرام کا بجٹ 60 ارب ریال سے زیادہ ہے۔ اس کے لیے ریاست کے 17مختلف ادارے سرگرم ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں کھیل کے بہت سے ایونٹس ہوتے ہیں، جیسے ہسپانوی اور اطالوی سپر، ڈاکار کار ریلی، فارمولہ ای اور دیگر سرگرمیاں شامل ہیں۔ کرونا وبا کی وجہ سے سیاحت کا شعبہ متاثر ہوا ہے مگر آنے والے عرصے میں بہتری کی توقع کی جاتی ہے۔

احمد الخطیب نے توقع ظاہر کی کہ اگلے پانچ سالوں میں مملکت میں مختلف سطحوں کے ہوٹلوں پانچ لاکھ نئے کمرے تیار کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس ویژن اور اس کے پروگراموں سے سیاحتی ویزا کے اجرا کی کامیابیوں کے علاوہ مملکت میں تفریحی شعبے میں 1000 چھوٹی اور درمیانے درجے کی کمپنیوں کے قیام کی راہ ہموار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ صرف تین ماہ میں بیرون ملک سے آنے والے زائرین اور سیاحوں کو ساڑھے چار لاکھ سیاحتی ویزے جاری کیے گئے ہیں۔ وزیر سیاحت نے وژن پروگراموں کے ذمہ دار 4 وزرا کے ذریعہ منعقدہ ایک ڈائیلاگ سیشن کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ویژن 2030 کی 5 سالہ کامیابیوں اور اہداف پر روشنی ڈالی۔ اس سیشن میں وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ، وزیر خزانہ محمد الجدعان، وزیر سیاحت احمد الخطیب اور رائل کورٹ میں مشیر محمد التویجری نے شرکت کی۔

FOLLOW US