Friday May 17, 2024

”جو مسلمان کورونا سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر پر عمل نہیں کرتا ، وہ گناہگار ہے“ احتیاطی اقدامات پر عمل شرعاً واجب اور قومی ذمہ داری ہے

ریاض: سعودی عرب میں کورونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ آٹھ ماہ کے بعد مملکت میں کورونا کے یومیہ کیسز مسلسل کئی روز سے ایک ہزار سے زائد ہو گئے ہیں۔ جس کے بعد اس وبا کے بے قابو ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔ سعودی وزیر برائے اسلامی امور و دعورت و ارشاد ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ نے کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والوں کو گناہگار قرار دے دیا ہے۔
ڈاکٹر آل آلشیخ نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ جو افراد کورونا سے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر پر عمل نہیں کر رہے ، وہ درحقیقت گناہ گار ہیں کیونکہ موجودہ وبا کے دوران ایس او پیز پر عمل کرنا شرعی طور پر واجب ہے اور ہماری قومی ذمہ داری بھی ہے۔ سعودی وزیر نے بتایا ہے

کہ کورونا وبا کے باعث نمازیوں کی بھی بڑی گنتی نشانہ بن رہی ہے۔ ہر روز درجنوں مساجد میں نماز پڑھنے والے افراد کورونا کا شکار ہو رہے ہیں۔ جس کی وجہ سے ان مساجد کو عارضی طور پر بند کیا جاتا ہے اور پھر سینیٹائزنگ کا عمل مکمل ہونے کے چند روز بعد کھول دیا جاتا ہے۔ انہوں نے تاکید کی کہ مساجد کے ذمہ دار افراد اور نمازی احتیاطی تدابیر ماسک پہننا، سماجی فاصلہ اور سینیٹائزیشن پر پوری طرح عمل کریں تاکہ مساجد میں کورونا پھیلنے کے سلسلے کو روکا جا سکے۔ دوسری جانب سعودی عرب کے مفتی اعظم اور علما کونسل کے چیئرمین الشیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد دوسرے لوگوں کے ساتھ میل جول سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد کورونا کے مرض میں مبتلا ہو گئے ہوں انکا دوسرے افراد کے ساتھ میل جول رکھنا حرام ہے۔مفتی اعظم نے کہا اسلام وبا کے شکار افراد سے صحت مند افراد کی جانوں کے تحفظ پر زور دیتا ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ اسلام کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی صحت کی حفاظت کریں۔انہوں نے شہریوں اورغیر ملکیوں پر زور دیا ہے کہ وہ وبا کی روک تھام کے لیے حکومت اور سرکاری اداروں کی طرف سے وضع کردہ شرائط و ضوابط پر سختی کے ساتھ عمل کریں۔

FOLLOW US