Friday April 19, 2024

سعودی عرب واپس جانے کے خواہش مند پاکستانی محنت کشوں کیلئے بہت بری خبر 17 مئی کے بعد بھی مملکت میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی

ریاض : سعودی عرب واپس جانے کے خواہش مند پاکستانی محنت کشوں کیلئے بہت بری خبر، سعودی حکومت نے پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر 17 مئی کے بعد بھی مملکت میں داخل ہونے پر پابندی عائد کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب واپس جانے کے خواہش مند پاکستانیوں کیلئے پریشان کن خبر سامنے آئی ہے۔ سعودی حکومت کے اعلان کے مطابق اگلے ماہ 17 مئی سے مملکت میں بین الاقوامی پروازوں کا آغاز کر دیا جائے گا، تاہم اب سعودی ائیرلائن کے اعلامیہ نے پاکستانی شہریوں کو پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔ سعودی ائیرلائن کے اعلامیہ کے مطابق 17 مئی سے بین الاقوامی پروازوں کی بحالی کے باوجود 20 ممالک کے شہریوں کو مملکت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ سعودی حکومت نے فروری 2021 میں پاکستان سمیت 20 ممالک کے شہریوں پر مملکت میں داخل ہونے پر پابندی عائد کی تھی، یہ پابندی 17 مئی کے بعد بھی برقرار رہے گی۔ پاکستان سمیت 20 ممالک میں کرونا وائرس نے دوبارہ سے سر اٹھایا، اسی وجہ سے ان ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ سعودی ائیرلائن کی جانب سے جاری ایک اور بیان میں کہا گیا ہے کہ عنقریب سعودی عرب کی بین الاقوامی سطح پر پروازیں بغیر کسی پابندی اور قیود کے بحال ہو رہی ہیں۔ فلائٹ آپریشن کی بحالی کے حوالے سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب دوسری طرف کرونا وبا جاری ہے تاہم اب سعودی عرب اور کئی دوسرے ملکوں میں کرونا ویکسین لگائی جار ہی ہے۔ سعودی ایئرلائن کے معاون برائے ڈائریکٹر جنرل خالد بن عبدالقادر طاش نے کہا ہے کہ سعودی ایئرلائن 5 شوال بمطابق 17 مئی 2021 سے آزادانہ طور بین الاقوامی فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی تیاری کررہی ہے۔ اس سے قبل سعودی عرب کی جنرل ایوی ایشن اتھارٹی بھی ایسا ہی ایک بیان جاری کرچکی ہے۔سعودی عرب میں فضائی کمپنی کے عہدیدار نے کہا کہ توقع ہے کہ پانچ شوال سے سعودی عرب کی بین الاقوامی پروازوں پر عاید کردہ پابندیاں ختم ہوجائیں گی اور عالمی سطح پر سعودی عرب کی فضائی سروس بحال ہوجائے گی۔

FOLLOW US