Thursday May 2, 2024

بھارت کا ڈبل میوٹینٹ وائرس دنیا کے لیے نیا خطرہ قرار بھارتی حکومت کا ذمہ داری قبول کرنے سے انکار

بھارت :عالمی وبا کورونا وائرس نے جہاں دنیا بھر میں تباہی مچائی اور کروڑوں لوگوں کو اپنی لپیٹ میں لیا وہیں دنیا کے کئی ممالک میں تاحال کورونا کی تباہ کاریاں جاری ہیں جو کسی طور کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ بھارت نے کورونا وائرس سے متعلق قبل از وقت ہی اعلان کیا تھا کہ بھارت نے کورونا وائرس پر فتح پا لی ہے جس سے بھارتی شہریوں نے ایس او پیز کا زیادہ خیال نہیں رکھا جو کورونا کے خطرناک حد تک پھیلاؤ کا باعث بنا۔ بھارت کا ”ڈبل میوٹینٹ” کورونا وائرس دنیا کے لیے نیا خطرہ قرار دیا جا رہا ہے لیکن بھارتی حکومت ذمہ داری قبول کرنے کو تیار نہیں ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارتی ڈبل میوٹینٹ وائرس کے پھیلاؤ کو تیز رفتار بنانے کے علاوہ ہلاکتوں میں بھی اضافے کا باعث ہے۔

ڈبل میوٹینٹ گزشتہ برس کے اختتام پر رپورٹ ہوا لیکن مودی سرکار نے جان بوجھ کر اسے نظرانداز کیا۔ اب تک آسٹریلیا، بیلجیئم، جرمنی، آئرلینڈ، نیوزی لینڈ، سنگاپور، برطانیہ اور امریکہ سمیت دس ملکوں میں بھارتی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اپریل میں کورونا کے52 فیصد نئے کیسز کی وجہ بھارتی وائرس ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے سبب گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2 لاکھ 56 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے ۔ متاثرہ افراد کی تعداد ایک کروڑ 53 لاکھ 14 ہزار سے زائد ہے اور ایک لاکھ 80 ہزار 550 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ خیال رہے کہ مارچ میں بھارت کے وزیر صحت نے اعلان کیا تھا کہ ملک میں کووڈ 19 کا ”کھیل ختم ہوا”۔ لیکن اب ان دنوں بھارت میں وائرس کے پھیلاؤ میں دوبارہ تیزی آچکی ہے۔ ماہرین کے مطابق نوجوانوں کی آبادی، وبا سے ’دیسی مدافعت‘، اور بڑی حد تک دیہی آبادی کا ‘ڈھنڈورا’ پیٹنے والے انڈیا نے ’وائرس پر فتح‘ کا اعلان کر دیا تھا جو کہ قبل از وقت ثابت ہوا۔ دوسری جانب بھارت میں ایک ہی روز میں 2 لاکھ 75 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ جس کے بعد بھارت میں کورونا کیسز کی تعداد ایک کروڑ 50 لاکھ سے تجاوز کر گئی۔ بھارت میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید ایک ہزار 625 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد بھارت میں اموات ایک لاکھ 78 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس کے بے قابو ہونے کے بعد امریکہ اور برطانیہ نے بھارت کو ریڈ لسٹ میں بھی شامل کر دیا ہے ۔

FOLLOW US