Sunday January 19, 2025

پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف، امریکی صدر نے پاکستانی قیادت کو موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی

اسلام آباد : پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف، امریکی صدر نے پاکستانی قیادت کو موسمیاتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دے دی۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے عالمی موسمیاتی کانفرنس میں پاکستان کی شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کانفرنس میں شرکت کے لئے امریکی صدر کے مشیر کی طرف سے وزیراعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم کو دعوت دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق ملک امین اسلم کانفرنس کے ایک سیشن میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ ملک امین اسلم موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور وزیراعظم کے بلین ٹری منصوبے سمیت کلین گرین منصوبوں پر آگاہ کریں گے۔ وزرا کی سطح پر ہونے والا اجلاس 23اپریل کو ہوگا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ امریکی صدر کی طرف سے عالمی کانفرنس میں شرکت کے لئے 40 ممالک کے سربراہان کو دعوت دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے اختتام پر امریکا کی جانب سے ماحولیاتی بحران پر کانفرنس بلانے کا اعلان کیا گیا تھا، تاہم تب پاکستان کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی تھی۔ ۔پاکستان کے پڑوسی ممالک بھارت، چین، بنگلہ دیش کے سربراہان کو بھی سمٹ میں مدعو کرلیا گیا لیکن حیران کن طور پر سمٹ میں پاکستان کو دعوت نہیں دی گئی۔ اس حوالے سے پاکستان کی جانب سے تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا جس کے بعد ماحولیات پر لیڈرز سمٹ میں پاکستان کو مدعو نہ کرنے پر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ اس اجلاس کا مقصد عالمی سطح پر 80 فیصد دھویں کے اخراج اور عالمی جی ڈی پی کی ذمہ دار اہم معیشتوں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ اقوام متحدہ کے زیراہتمام نومبر میں ہونے والی ماحولیاتی تبدیلی پر کانفرنس سے پہلے لیڈر سمٹ ماحولیات سے ہونے والے متعدد اہم ایونٹس میں سے صرف ایک ہے۔غیر ملکی میڈیا کے سوال پر بذریعہ ای میل جواب دیتے ہوئے محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان اور دیگر حکومتوں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی مقاصد کو بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔

FOLLOW US