Sunday January 19, 2025

86 سال بعد ترکی کی آیا صوفیہ میں نماز تراویح کی ادائیگی استنبول میں واقع تاریخی مسجد میں یکم رمضان کو ہزاروں نمازیوں کا سمندر امڈ آیا

استنبول : 86 سال بعد ترکی آیا صوفیہ میں نماز تراویح کی ادائیگی، استنبول میں واقع تاریخ مسجد میں یکم رمضان کو ہزاروں نمازیوں کا سمندر امڈ آیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔ کئی ممالک میں 13 اپریل بروز منگل کو پہلا روزہ رکھا گیا، جبکہ پاکستان سمیت بیشتر ممالک میں آج بروز بدھ 14 اپریل کو رمضان المبارک کا آغاز ہوا۔
دنیا کے دیگر اسلامی ممالک کی طرح ترکی میں بھی بھرپور مذہبی جوش و خروش کیساتھ رمضان المبارک کا آغاز ہوا ہے۔ جبکہ ترکی کے شہر استنبول میں واقع صدایوں پرانی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں دہائیوں بعد پہلی مرتبہ نماز تروایح ادا کی گئی۔ ترک میڈیا کے مطابق 86 سال بعد پہلی مرتبہ رمضان المبارک کے دوران آیا صوفیہ میں نماز تراویح کا اہتمام کیا گیا۔

یکم رمضان المبارک کی پہلی نماز تراویح ادا کرنے کیلئے ہزاروں نمازیوں نے آیا صوفیہ کا رخ کیا۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ حال ہی میں ترکی کے تاریخی شہر استنبول میں واقع چرچ آیا صوفیہ میں 87 سال میں پہلا موقع تھا جب شب معراج منائی گئی۔ یاد رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردگان نے کچھ عرصہ قبل مغربی ممالک کی بھرپور مخالفت کے باوجود آیا صوفیہ کو دوبارہ سے مسجد کا درجہ دے دیا تھا۔ گزشتہ برس 86 برس کے طویل وقفے کے بعد پہلی مرتبہ آیا صوفیہ میں نماز ادا کی گئی تھی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان کی جانب سے بھی 86 سال بعد آیا صوفیہ میں منعقدہ نماز کے اجتماع میں شرکت کی گئی تھی۔ لاکھوں فرزندان توحید نماز جمعہ پڑھنے کیلئے آیا صوفیہ پہنچے تھے، یوں لگ رہا تھا جیسے پورا استنبول ہی نماز کیلئے امڈ آیا ہو، نماز سے قبل خطبہ ہوا اور ترک صدر نے تلاوت بھی کی۔ طویل عرصے بعد جب مسجد کے میناروں سے اذان کی پرسوز صدا بلند ہوئی تو کئی آنکھیں اشک بار ہوگئیں اور روح پرور مناظر دیکھنے میں آئے تھے۔

FOLLOW US