Tuesday January 21, 2025

سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران مساجد میں اعتکاف، اجتماعی سحری و افطار پر پابندی عائد

ریاض : سعودی عرب میں رمضان المبارک کے دوران مساجد میں اعتکاف، اجتماعی سحری و افطار پر پابندی عائد۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں ایک مرتبہ پھر کرونا وبا کے پھیلاو کی وجہ سے سعودی حکومت سخت اقدامات اٹھانے پر مجبور ہوگئی۔ ایسا وقت جب رمضان المبارک کے آغاز میں چند ہی دن باقی ہیں، تب سعودی عرب میں دوبارہ سے کرونا کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ اس تمام صورتحال میں سعودی حکام نے عبادات کے حوالے سے چند پابندیاں عائد کی ہیں۔ سعودی وزارت اسلامی امور کے اعلامیہ کے مطابق مملکت کی تمام چھوٹی بڑی مساجد میں ماہ مقدس کے دوران اجتماعی سحری و افطار کے اجتماعات پر پابندی ہوگی،

جبکہ رمضان کے آخری عشرے میں مساجد میں اعتکاف پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔ تاہم مملکت میں مقیم کروڑوں مسلمانوں کو یہ خوشخبری سنائی گئی ہے کہ مملکت میں عید کی نماز ضرور ادا کی جائے گی۔ امکان ہے کہ وہ مساجد جہاں جمعہ کی نماز کے اجتماعات نہیں ہوتے، وہاں بھی عید کی نماز کے اجتماع کی اجازت دی جائے۔ دوسری جانب سعودی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران مکہ مکرمہ میں عمرہ زائرین کی تعداد بڑھا کر 50 ہزار کر دی گئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق رمضان المبارک میں مسجد الحرام میں روزانہ کی بنیاد پر آنے والے نمازیوں کی تعداد بھی بڑھا دی گئی ہے اور اب 1 لاکھ افراد ویکسین لگوانے کے بعد مکہ مکرمہ میں داخل ہو سکیں گے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب نے گزشتہ دنوں اعلان کیا تھا کہ رمضان المبارک کے دوران عمرہ ادائیگی اور مسجد نبویﷺ کی زیارت کی اجازت صرف انہیں ملے گی جو کورونا ویکسین لگوائیں گے، جبکہ مسجد نبویﷺ کی زیارت کیلئے بھی کورونا ویکسین لگوانا ہوگی۔ دونوں مقدس مقامات کی زیارت کے خواہش مند زائرین کو ویکسین لگوانے کے بعد باقاعدہ پرمنٹ حاصل کرنا ہوگا۔ مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ میں داخلے سے قبل پرمٹ کی باقاعدہ تصدیق کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ اگرچہ اس بار بھی کرونا کی وبا موجود ہے تاہم پچھلی بار کی طرح اس رمضان کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبویﷺ کو عمرہ، زیارت اور عبادت کے لیے بند نہیں رکھا جائے گا، صرف لوگوں کی تعداد گھٹا دی جائے گی۔

FOLLOW US