Friday April 26, 2024

شادی میں شرکت کرنے والے 87 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا،شادی میں پہلے سے درجنوں کورونا مریضوں کے موجود ہونے کا انکشاف ۔

دہلی : بھارت میں شادی میں شرکت کرنے والے 87 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست تلنگانہ کے ایک گاوں میں ہونے والی شادی 87افراد کو کوروناوبا کا شکار بنانے کا موجب بن گئی۔ شادی میں پہلے سے درجنوں کورونا مریضوں کے موجود ہونے کا انکشاف بھی ہوا، جس کی وجہ سے شادی میں شرکت کرنے والے 370افراد میں سے 87 افراد کورونا کا شکار ہو گئے۔ بھارتی جریدے کے مطابق شادی میں شرکت کرنے والے تمام 370 ممانوں کے کورونا ٹیسٹ کر لیے گئے ہیں ، جن افراد کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں، انہیں قرنطینہ کر دیا ہے،

جبکہ جن افرادمیں کورونا کی علامات موجود ہیں،انہیں بھی دیگر افراد سے الگ تھلگ کر دیا گیا ہے۔ ضلعی صحت کے عہدیداروں نے گاوں میں کوویڈ کیمپ اور قرنطینہ کی سہولت مہیاکر دی ہے اور گاوں میں موجود افراد کا کورونا ٹیسٹ کیاجا رہا ہے، جس کا مقصد یہ دیکھنا ہے کہ صرف شادی میں موجودا فراد ہی کورونا کا شکار ہوئے یا پھر گاوں کے اور بھی لوگ اس وبا میں مبتلا ہیں۔ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے بہت سے مہمانوں کو نظام آباد کے سرکاری جنرل اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اتوار کے روز ، تلنگانہ کے نظام آباد ضلع میں 24 گھنٹوں کے دوران 96 نئے کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ یہ ضلع مہاراشٹرا کی سرحد پر واقع ہے۔واضح رہے کہ بھارت میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں، گزشتہ روز بھارت میں صرف ایک دن میں 93ہزار افرادمیں کورونا کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد بھارتی حکومت کو تشویش لاحق ہو گئی اور بڑے پیمانے پر لاک ڈاون نافذ کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔

FOLLOW US