ریاض(نیوزڈیسک) سعودی عرب میں فوری ترسیل زر کے نئے نظام ’سریع‘ نے واضح کیا ہے کہ ستائیس فروری کو سرکاری ملازمین کی تنخواہیں جاری نہیں ہوں گی۔سبق ویب سائٹ کے مطابق یہ وضاحتی بیان ان افواہوں کے تناظر میں جاری کیا گیا ہے جن میں دعوی کیا جارہا تھا کہ فوری ترسیل کے نئے نظام ’سریع‘ کے اجرا کے بعد ہفتہ وار چھٹیوں کے دنوں میں ملازمین کو تنخواہیں ملنے لگیں گی۔یہ افواہیں زیر گردش تھیں کہ اگر27 تاریخ جمعے کو ہوگی تو ایسی صورت میں جمعے اور اگر سنیچر کو ہوگی تو اسی روز انہیں تنخواہ مل جائے گی۔
تاہم سریع کی جانب سے جاری بیان میں وضاحت کردی گئی ہے کہ فی الوقت تنخواہیں مقررہ تاریخ پر فراہم کرنے کے لیے سسٹم میں تبدیلی کی کوشش کی جارہی ہے، بیان میں کہا گیا کہ جب تک سسٹم تبدیل نہیں ہوگا اس وقت تک ملازمین کی تنخواہیں سنیچر کو 27 ویں تاریخ ہونے کے باوجود اتوار کو ہی دی جائیں گی۔بیان کے مطابق اگر 27 تاریخ جمعے کو ہوگی تو ایسی صورت میں سابقہ نظام کے مطابق ملازمین کو ایک دن پہلے تنخواہ جاری کردی جائے گی۔