لاہور : جنوبی ایشیا کے متعدد ممالک میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ تاجکستان میں ہونے والے زلزلے کی شدت 7.5 تک ریکارڈ کی گئی ہے ۔ زلزلے کا مرکز تاجکستان کے قریب 80 کلو میٹر گہرائی میں تھا۔ جبکہ زلزلے کے جھٹکے افغانستان، پاکستان، بھارت ، چین اور نیپال میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔ زلزلے کی سب سے زیادہ شدت افغانستان میں 7.5 ریکارڈ کی گئی ۔ جبکہ بھارتی شہر ہریانہ میں زلزلے کی شدت 6.1 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کے جھٹکے، قندھار، اسلام آباد، راولپنڈی ، لاہور، پشاور، چندی گڑھ، ہریانہ، اترکھنڈ ، جموں و کشمیر اور دہلی میں بھی محسوس کیے گئے ہیں ۔
پاکستان میں زلزلے کی شدت 6.4 ریکارڈ کی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ جمعہ کی رات کو لاہور، اسلام آباد، پشاور، گلگت بلتستان، ملتان، سوات، راولپنڈی، آزاد کشمیر، ہنزہ، اسکردو، مردان سمیت ملک کے کئی شہروں میں شدید زلزلہ آیا جس کے باعث لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔ اس دوران لوگ مسلسل باآواز بلند کلمہ طیبہ اور اللہ اکبر اللہ اکبر کا ورد کرتے رہے۔ تاحال زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ زلزلے کی شدت، مرکز اور گہرائی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ زلزلے کی شدت 6 عشاریہ 4، گہرائی 80 کلومیٹر اور مرکز تاجکستان تھا۔ ماہرین نے اتنے شدید زلزلے کے بعد آفٹر شاکس آنے کا الرٹ بھی جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران پاکستان مسلسل زلزلوں کی زد میں ہیں۔ خاص کر خیبرپختوںخوا کا سوات ریجن آئے روز زلزلوں کی زد میں رہتا ہے۔ تاہم اب ایک ساتھ ملک کے بیشتر شہروں میں زلزلے کے جھٹکوں نے لوگوں کو خوف میں مبتلا کر دیا ہے۔