Wednesday May 15, 2024

K2 کی مہم جوئی میں حادثہ ۔۔ بلغارین کوہ پیما ہلاک ، نیپالی مہم جو برفانی شگاف میں گرکرلاپتہ ہوگیا

سکردو : کے ٹو سر کرنے کی مہم کے دوران بلغاریہ کا کوہ پیما ہلاک اور نیپالی کوہ پیما زخمی ہوگیا ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کے دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو سر کرنے کی مہم کے دوران ایک حادثے کے نتیجے میں نیپالی کوہ پیما برفانی شگاف میں گر کر لاپتہ ہوگیا جب کہ بلغارین کوہ پیما ہلاک ہوگیا، پاکستانی کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے مطابق کے مطابق حادثہ کیمپ تھری سے واپسی پر رسی ٹوٹنے سے پیش آیا، ہلاک اور زخمی ہونے والے کوہ پیمائوں کی تلاش آرمی ہیلی کاپٹر ذریعے شروع کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ نیپالی کوہ پیماؤں کی ٹیم نے دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ‘کے ٹو’ کو موسم سرما میں سر کر کے نیا ریکارڈ قائم کیا ۔ نیپالی کوہ پیماؤں کی 10 رکنی ٹیم نے 31 دسمبر 2020ء سے اپنے مہم جوئی کا آغاز کیا تھا اور 16 جنوری 2021ء کو دن کے وقت دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی سر کرنے کا اعلان کیا۔ گلگت بلتستان حکومت نے پہلی بار موسم سرما میں ‘کے ٹو’ سر کرنیکا ریکارڈ قائم کرنیکی تصدیق کرتے ہوئے نیپالی حکومت کی کاوشوں کو سرمائی مہم جوئی کے لیے حوصلہ مند قرار دیا ۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان محمد خالد خورشید خان نے ‘کے ٹو’ سر کرنے پر نیپالی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کیمپ تھری میں موجود گلگت بلتستان کے کوہ پیما محمد علی سد پارہ، انکے بیٹے ساجد علی اور غیر ملکی کوہ پیماؤں کی بحفاظت واپسی کی امید کا اظہار کیا ہے۔ نیپالی ٹیم کی جانب سے تاریخ رقم کیے جانے کے بعد سوشل میڈیا پر انہیں مبارکباد دینے والوں کا تانتا بندھ گیا اور ٹوئٹر پر اور K2winter2021 کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ بن گیا۔

پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین کی جانب سے کوہ پیماؤں کے بلند حوصلے اور عزم کو بھی خوب سراہا گیا۔خیال رہے کہ ‘کے ٹو’ 8611 میٹر کی بلندی کیساتھ دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ہے جس کو ’سیویج ماؤنٹین‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔اس چوٹی کو پہلی مرتبہ اطالوی کوہ پیما اچیل کمپگنونی نے 1954ء میں سر کیا تھا۔کے ٹو کو سر کرنیکی کوشش میں ابتک 86 کوہ پیما اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ آج سے قبل صرف 450 کوہ پیما ہی اس کو سر کرنے میں کامیاب ہوئے تاہم ان میں سے کوئی بھی کوہ پیما موسم سرما میں یہ چوٹی سر نہیں کر سکا تھا۔

FOLLOW US