ریاض : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ریاض میں پیش آنے والے آتشزدگی کے واقعات کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے کرپٹ آفیشلز کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ، ریاض کے نائب امیر پرنس محمد بن عبدالرحمان نے سعودی ولی عہد کے نوٹس کے حوالے سے میڈیا کو آگاہ کیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایات کی روشنی میں ریاض میں آتشزدگی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجوہات کا تعین کرنے اور اِن پر قابو پانے کے لیے اینٹی کرپشن آتھارٹی کو معاملے کی تفتیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریگولیٹری حکام کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والوں کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں اور تجارتی سرگرمیوں کے لئے انشورنس کا بندوبست کریں۔ بتایا گیا ہے کہ ولی عہد کی جانب سے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تجارتی سرگرمیوں کی کی دوبارہ جانچ کریں اور اِن سرگرمیوں کی انجام دہی کے دوران غفلت برتنے والے عہدیداروں کے ساتھ ساتھ مالکان کو بھی ذمہ دار ٹھہرائیں ، جو بھی قوانین کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے ، اُس کے خلاف لازمی تعزیرات کی دفعات کے مطابق کارروائی کریں۔ پرنس محمد بن عبدالرحمان نے بتایا کہ تحقیقات میں مالی اور انتظامی بدعنوانی کی نشاندہی ہوئی ہے اور معلوم ہوا ہے کہ تجارتی اداروں کے مالکان تجارتی سرگرمیوں کی انجام دہی کے لیے درکار بنیادی معیار اور تقاضوں پر پورا نہیں اُترتے۔ ریاض کے نائب امیر نے بتایا کہ تفتیشی ٹیم کی تحقیقاتی رپورٹ اور سفارشات شہزادہ محمد بن سلمان کو پیش کر دئیے گئے ہیں ، جس پر انہوں نے ہدایات جاری کی کہ جرم میں ملوث تمام افراد کو عدلیہ کے سامنے پیش کیا جائے۔