Friday November 29, 2024

امریکہ ، ویکسین لگوانے کے باوجود نرس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا، اس کے باوجود وہ ایک ہفتے بعد کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکہ میں عالمی وباء کی ویکسین لگوانے کے باوجود نرس کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ، کیلی فورنیا میں نرس نے فائزر کی ویکسین لگوائی تاہم اس کے باوجود وہ ایک ہفتے بعد کورونا وائرس کا شکار ہوگئیں۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 45 سالہ نرس میتھیو ڈبلیو امریکا کے دو مختلف مقامی ہسپتالوں میں خدمات سر انجام دے رہی ہیں ، جہاں کرسمس سے صرف 6 روز قبل وہ کورونا یونٹ میں مسلسل کام کرنے کی وجہ سے بیمار ہوگئیں ، جس کے باعث خاتون نرس کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا جو کہ مثبت آگیا۔

بتایا گیا ہے کہ خاتون نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں لکھا کہ انہیں عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے فائزر کی ویکسین لگائی گئی تھی ویکسی نیشن کے بعد ان کا بازو بھی سوجن کا شکار ہو گیا تھا تاہم انہیں کوئی سائیڈ ایفیکٹ نہیں ہوا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ امریکہ میں شہریوں کو عالمی وباء کورونا وائرس بچاو کی ویکسین دینے کا آغاز چند روز قبل کیا گیا ، اور امریکہ میں پہلی کورونا ویکسین نیویارک میں ایک ہیلتھ ورکرکو دی گئی ، جس کے ساتھ ہی امریکا میں فائزر کی کورونا ویکسین لگانے کا آغاز ہوگیا ، امریکی طبی ادارے ایف ڈی اے کی طرف سے گزشتہ ہفتے فائزر کی کورونا ویکسین کے ایمرجنسی استعمال کی منظوری دی گئی تھی ، اس کے ساتھ ساتھ امریکا کی جانب ماڈرنا کی کورونا ویکسین کے بھی 200 ملین خوراکوں کے آرڈر بھی دے دیے گئے ہیں جن میں سے امکان ہے کہ 100 ملین خوراکیں رواں ماہ ہی فراہم کردی جائیں گی۔

اس سے پہلے عالمی وبا کورونا وائرس کی پہلی ویکسین برطانیہ میں 90 سالہ خاتون کو لگا دی گئی ، برطانیہ دنیا کا پہلا ملک بن گیا جس نے ویکسی نیشن کے عمل کی شروعات کردی ، غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فائزر اور بایو این ٹیک کی کورونا ویکسین کوونٹری میں شمالی آئرلینڈ کی 90 سالہ خاتون مارگریٹ کینان کو لگائی گئی جس کے ساتھ ہی برطانیہ میں آج سے کورونا ویکسینیشن پروگرام کا باقاعدہ آغاز بھی کردیا گیا ، خاتون کو یونیورسٹی ہسپتال کوونٹری میں ویکیسن دی گئی ، اس موقع پر خاتون نے کہا کہ یہ بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں دنیا میں پہلی انسان ہوں جس نے فائزر بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کوویڈ 19 ویکسین استعمال کی۔

FOLLOW US