Saturday May 18, 2024

سعودی عرب فلسطینیوں کی مکمل حمایت کرتا ہے شاہ سلمان نے کابینہ اجلاس میں اسرائیل کو دوٹوک پیغام دے دیا

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں کابینہ کا ورچوئل اجلاس ہوا جس کی صدرت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔العربیہ نیوز کے مطابق قائم مقام سعودی وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصیبی نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ کابینہ نے عرب دنیا اور علاقائی اور بین الاقوامی امور سے متعلق حالات و واقعات اور تازہ ترین پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس سلسلے میں باور کرایا گیا کہ مملکت عرب ممالک کے اندرونی معاملات میں علاقائی مداخلت اور خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کرتی ہے۔

علاوہ ازیں بین الاقوامی قرار دادوں کے دائرہ کار میں رہتے ہوئے خطے کے بحرانات کے حل کے واسطے عرب لیگ کے کردار کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ القصیبی کے مطابق سعودی عرب نے ایک بار پھر اپنا یہ موقف دہرایا ہے کہ مسئلہ فلسطین عرب دنیا کا ایک بنیادی قضیہ ہے۔ مملکت 2002ء میں پیش کیے گئے عرب امن منصوبے پر سختی سے قائم ہے۔ ساتھ ہی یہ مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطینی اراضی پر اسرائیلی قابض حکام کی جانب سے یہودی بستیوں کی تعمیر کا سلسلہ روکا جائے جو بین الاقوامی قانون اور فلسطینیوں کے حقوق کی صریح خلاف ورزی ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب لبنان میں سیاسی اور اقتصادی اصلاحات کی مکمل تائید کرتا ہے اور برادر لبنانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

کابینہ نے کرونا وائرس کے پس منظر میں مقامی اور بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والی تبدیلیوں اور اس وبا کی ویکسین کی تیاری کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا۔ ساتھ ہی مملکت میں کرونا کے کیسوں کے اندراج کے تازہ ترین اعداد و شمار کو بھی زیر بحث لایا گیا جن میں بدستور کمی واقع ہو رہی ہے۔سعودی کابینہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 31 ویں خصوصی اجلاس میں کرونا کی وبا سے نمٹنے کے طریقے تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دینے سے متعلق سعودی عرب کے موقف پر بھی روشنی ڈالی۔

FOLLOW US