Saturday May 18, 2024

سعودی عرب میں ایک ہی روز میں 5 فضائی حملے

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب پر یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے ڈرون اور میزائل حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔گزشتہ روز یمن کی حوثی ملیشیا نے سعودی مملکت کو 5 بارود بردار ڈرون طیاروں سے نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم مستعد سعودی افواج نے تمام بمبار ڈرون طیاروں کو ہدف سے پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔ اس طرح سعودی عرب کسی جانی اور مالی نقصان سے بچ گیا۔ کرنل تُرکی المالکی کے مطابق تین ڈرون یمن کے حدود کے اندر مار گرائے گئے جبکہ ایک ڈرون کو یمن اور سعودیہ کی سرحد پر تباہ کیا گیا۔دو روز قبل حوثی ملیشیا نے سمندری حدود سے سعودی سرزمین کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی جسے ناکام بنا دیا گیا ۔ اتحادی فوج نے بحر احمر میں حوثی باغیوں کی دو بمبار کشتیاں تباہ کر کے دہشت گردی کی سازش ناکام بنا دی۔

اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ دونوں بمبار کشتیوں کو یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ سے روانہ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی سعودی عرب پرایک ہی روز میں 6 ڈرون طیاروں سے حملہ ہوا تھا جو بارودی مواد سے لدے ہوئے تھے۔ تاہم عرب اتحادی افواج نے بروقت کارروائی کر کے ان طیاروں کو تباہ کر ڈالا تھا۔ اس طرح سعودی عرب بڑی تباہی سے بال بال بچ گیا تھا۔ حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک ہی روز میں شہری علاقوں کو 6 بارود سے لدے ڈرونز سے نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، مگر اتحادی افواج کی کارروائی نے ان ڈرون طیاروں کو فضا میں ہی مار گرایا۔ سعودی حکومت کی جانب سے اس کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں اتحادی طیاروں کو بارود بردار ڈرونز کو تباہ کرتے دکھایا گیا ہے۔اس سے چند روز قبل بھی سعودی عرب پر ایک ہی روز میں 6 ڈرونز داغے گئے تھے۔ اس کے علاوہ تین بیلسٹک میزائل بھی جنوبی شہر جازان کی جانب داغے گئے، تاہم اتحادی افواج نے اس کارروائی کو ناکام بنا دیا ہے۔ جس کے باعث ممکنہ اہم شہری اور سرکاری تنصیبات نقصان پہنچنے سے بچا لی گئی ہیں۔

FOLLOW US