Monday January 20, 2025

امریکی صدارتی امیدوار جوبائیڈن کا فتح کے انتہائی قریب پہنچنے کے باوجود فتح کا اعلان کرنے سے گریز

واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی جاری ہے اور ابتدائی نتائج کے مطابق جو بائیڈن کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر واضح برتری حاصل کر لی ہے ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں امریکی صدارتی امیدوار جو بائیڈن نے کہا کہ ’’ الیکشن کے نتائج کا فیصلہ نہ میں نے کرنا ہے نہ ڈونلڈ ٹرمپ نے ، یہ امریکی عوام کا فیصلہ ہے، اور اسی مقصد کے لیے ہم نے بائیڈن فنڈ شروع کیا تھا جس کا مقصد تھا کہ ہر ووٹ کو گنا جا سکے ۔

‘‘ اس موقع پر انہوں نے ایک ویب سائٹ بھی شیئر کی جس میں ان کی پارٹی کا منشور پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر انہوں نے اپنی فتح کا اعلان کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب تک مکمل نتائج نہیں آ جاتے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ اس سے قبل ایک ٹوئٹ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ گنتی روک دو ۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’’ گنتی روک دو‘‘۔ اس سے قبل اپنے ایک ٹوئٹ میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ گزشتہ رات کئی اہم ریاستوں میں مجھے جو بائیڈن پر برتری حاصل تھی، جیسے ہی پوسٹل بیلٹ کی گنتی شروع ہوئی تو نتائج بدلنا شروع ہوگئے، جادوئی طور پر میرے ووٹ کم اور جو بائیڈن کے ووٹ بڑھنا شروع ہو گئے ، انتخابی ماہرین نے بھی اس بات کو مکمل طورپر حیرت انگیز قرار دیا ہے ۔

FOLLOW US