Saturday May 18, 2024

اللہ کی شان، کئی من وزنی پتھر گاڑی پر جاگرا، ڈرائیور چند انچ کے فرق سے بچ گیا

مکہ مکرمہ(نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا ہے جس پر سب حیرت زدہ ہو کر اللہ تعالیٰ کے کرم و مہربانی پر شکر گزار ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مکہ مکرمہ طائف روڈ پر ایک گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے تاہم اس گاڑی میں سوار ڈرائیور صرف چند انچ کے فرق سے بچ گیا ورنہ اس کا گاڑی سمیت کچومر نکل جانا ہے۔ ڈرائیور کو معمولی زخم آئے ہیں۔ یہ ڈرائیورمکہ مکرمہ طائف روڈ پر جبل الہدا کے مقام پر سفر کر رہا تھا، جب اچانک اونچی پہاڑی سے کئی من وزنی اس کی گاڑی پر آ گرا۔ تاہم یہ بھاری پتھرکا زیادہ تر حصہ گاڑی کے بونٹ پر آ کر گرا اور باقی کا حصہ گاڑی کی چھت پر گرا۔

جس کے نتیجے میں بونٹ والا حصہ مکمل طور پر پچک گیا جبکہ چھت کو بھی نقصان پہنچا۔ مگر یہ مکمل طور پر پچکنے سے بچ گئی۔ جس کی وجہ سے اس میں سوار ڈرائیور کو معمولی چوٹیں آئیں مگر اس کی زندگی بچ گئی۔ اگر اس بڑے پتھر کا زیادہ والا حصہ بونٹ کی بجائے گاڑی کی چھت پر آ گرتا تو ڈرائیور کی موت یقینی ہو سکتی تھی۔ اس حادثے کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہیں۔ جن میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرائیور گاڑی سے باہر حیران پریشان کھڑا ہے اور اس کی گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ جبکہ محکمہ ٹریفک کا عملہ گاڑی کو اُٹھا کر محفوظ مقام پر منتقل کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل حائل میں ایک خوفناک حادثے کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہو گئے تھے جن میں 4 پاکستانی تارکین بھی شامل تھے۔ یہ حادثہ حائل شہر سے 250 کلومیٹر دُور پیش آیاتھا جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں میں سوار 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے تھے۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ پانچ افرادپر مشتمل سعودی خاندان اپنی گاڑی میں سفر کر رہا تھا جب سامنے سے آنے والی ایک پک اپ ان کی کار سے ٹکرا گئی۔جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔ تصادم کے نتیجے میں ایک ہی سعودی خاندان کے پانچ افراد اور پک اپ میں سوار چاروں پاکستانی موقع پر ہی دم توڑ گئے ۔ جب تک ابتدائی طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچتیں، کوئی مسافر بھی زندہ نہیں بچا تھا۔ تمام بدنصیبوں کو حائل کمشنری کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ ترجمان کے مطابق سعودی فیملی حائل کی رہائشی تھی۔ اس خاندان کا سربراہ حائل میں پولیس سارجنٹ تھے جن کا نام مرزوق الرشیدی بتایا گیا ہے۔

FOLLOW US