Monday January 20, 2025

اسلامی ملک سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا

خرطوم (نیوز ڈیسک) اسلامی ملک سوڈان نے بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ایک اور اسلامی ملک نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ افریقی اسلامی ملک سوڈان نے اسرائیل کیساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلئے رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ جمعہ کے روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور سوڈانی وزیراعظم کے درمیان ہوئے رابطے کے دوران سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس حوالے سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی اور سوڈانی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات قائم کیے جائیں۔ امریکی صدر نے سعودی عرب اور فلسطین سے بھی مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کیساتھ قریبی تعلقات قائم کر لیں۔ واضح رہے کہ کچھ روز قبل امریکی صدر نے سوڈان کا نام دہشت گرد ممالک کی فہرست سے نکالنے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد قیاس آرائیاں جاری تھیں کہ ممکنہ طور پر یہ فیصلہ سوڈان کے اسرائیل کیساتھ تعلقات قائم کرنے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ اس حوالے سے امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بیان دیا تھا کہ امید ہے کہ سوڈان بہت جلد اسرائیل کو تسلیم کر لے گا ۔ امریکا یہ چاہتا ہے کہ ہرملک اسرائیل کو ایک جائز صہیونی ریاست کے طور پر تسلیم کرے اور صہیونیوں کے ایک ملک کے طور پر اپنا وجود برقرار رکھنے کے بنیادی حق کو تسلیم کرے۔ واضح رہے کہ سوڈان سے قبل متحدہ عرب امارات اور بحرین بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے۔ دونوں خلیجی ممالک نے اسرائیل کیساتھ امن معاہدہ بھی کر لیا ہے۔

FOLLOW US