Saturday May 18, 2024

موسلا دھار بارشوں کی پیشنگوئی کر دی گئی

مکہ مکرمہ (نیوز ڈیسک) سعودی عرب میں دو تین روز سے متعدد علاقوں میں بارش ہونے سے جہاں گرمی کی شدت میں کمی آ گئی وہاں موسم بھی انتہائی خوشگوار ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ آج دوپہر اور شام کو بھی مکہ مکرمہ،جازان، عسیر اور باحہ میں پہلے تیز ہوائیں چلیں گی جن کے بعد
موسلادھار بارش ہو گی۔مدینہ منورہ میں آج ایک گرم دن ہو گا جہاں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک رہے گا،تاہم شام کو بارش کے بعد موسم انتہائی خوشگوار ہو جائے گا۔ جبکہ سب سے کم درجہ حرارت ابہا میں 17 سینٹی گریڈ ہو گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مملکت کے دیگر علاقوں میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔ گزشتہ روز بھی مدینہ منورہ کی کئی کمشنریوں میں شام کے اوقات میں بارش ہوتی رہی اور گرد آلود ہوائیں بھی چلتی رہیں۔سعودی محکمہ شہری دفاع کی جانب سے عوام کو خبردارکیاگیا ہے کہ وہ برساتی نالوں، نشیبی علاقوں اور وادیوں کے قریب جانے اور ان کا سفر کرنے سے گریز کریں۔بچوں کو بھی تالابوں اور ندی نالوں کے پاس مت جانے دیں۔شارٹ کٹ کے چکر میں نشیبی علاقوں اور خراب سڑکوں پر ڈرائیونگ نہ کریں، بلکہ بڑی سڑکوں اور شاہراہوں سے ہی گزریں۔ سیلابی ریلوں کا خاص خیال رکھیں جو کئی بار اپنا رُخ موڑ لیتے ہیں۔چند روز قبل بھی کی موسلا دھار بارش سے بھی کئی علاقوں میں پانی اکٹھا ہو گیا ہے اور کئی مقامات پر سیلابی صورت حال بھی پیدا ہو گئی تھی ۔اس کے علاوہ گرد و غبار والے علاقوں میں بھی ڈرائیونگ کرتے وقت احتیاط کریں کیونکہ گرد کے طوفان کی وجہ سے سڑک پر حد نگاہ انتہائی کم ہو جاتی ہے، جس کے نتیجے میں گاڑی چلنا دُشوار ہو جاتا ہے اور کسی حادثے کا امکان بڑھ جاتا ہے۔

FOLLOW US