Friday June 20, 2025

سعودی شہری آبادی پرایک اور ڈرون حملہ

ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب پر ایک بار پھر ڈرون حملہ کیا گیا ہے۔ یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز کی کمان نے بتایا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے علاقے خمیس مشیط میں بھیجے جانے والے دھماکا خیز مواد کے حامل ڈرون طیارے کو فضا میں تباہ کر دیا گیا ہے۔یہ ڈرون شہری آبادی کو حملہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ اتحادی افواج کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی کے بیان کے مطابق دہشت گرد حوثی ملیشیا نے ایک (دھماکا خیز) ڈرون طیارہ سعودی عرب کی سمت بھیجا

جس کا مقصد منظم طور پر مملکت کے جنوبی علاقے میں شہریوں کو نشانہ بنانا تھا۔ تاہم اتحادی افواج نے اس ڈرون طیارے کو راستے میں ہی کامیابی سے تباہ کر دیا۔ اس سے قبل عرب اتحاد نے اعلان کیا تھا کہ دہشت گرد حوثی ملیشیا کو منہ توڑ جواب دینے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ اتحاد نے زور دیا تھا کہ وہ بین الاقوامی قانون کے مطابق دہشت گرد کارروائی میں ملوث افراد کے احتساب کا ارادہ رکھتا ہے۔واضح رہے کہ چند روز قبل بھی سعودی مملکت پرڈرون حملہ کیا گیا تھا۔ بارود سے لدے ڈرون کاہدف شہری آبادی تھی تاہم مستعد فضائی افواج نے یہ حملہ ناکام بنا دیا ہے۔عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا کہ حوثی باغیوں نے سعودی عرب میں شہری آبادی پرحملے کے لیے ایک بمبار ڈرون مملکت کی طرف چھوڑ اتاہم عرب اتحادی فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بمبار ڈرون کو مار گرایا۔ترجمان نے حوثی باغیوں کی طرف سے ڈرون طیاروں کے حملے کوبین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرا دیتے ہوئے عالمی اداروں سے حوثیوں کی دہشت گردی کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔