Monday April 29, 2024

سعودی کابینہ کا اہم اجلاس۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے فلسطینی عوام کی حمایت میں زبردست بیان دے دیا

ریاض (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارا ت کے بعد بحرین نے بھی اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس کے بعد یہ خبریں بھی سامنے آ رہی ہیں کہ مزید خلیجی ممالک اسرائیل کے ساتھ امن معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب سعودی عرب نے فلسطینی عوام کی حمایت میں بیان دیا ہے۔ العربیہ نیوز کے مطابق سعودی کابینہ نے باور کرایا ہے کہ مملکت عرب ممالک کی وحدت، سیادت اور ان کی اراضی کی سلامتی کی خواہاں ہے۔ یہ موقف منگل کے روز ہونے والے ایک ورچوئل اجلاس میں سامنے آیا۔ اجلاس کی صدارت سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی۔ سعودی کابینہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ خطے کے استحکام کے لیے خطرہ بننے والے کسی ضرر کو قبول نہیں کیا جائے گا۔

سعودی عرب فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ وہ مسئلہ فلسطین کے ایک منصفانہ اور جامع حل تک پہنچنے کے لیے تمام کوششوں کو سپورٹ کرتا ہے جن کا مقصد یہ ہے کہ بین الاقوامی قرار دادوں اور عرب امن منصوبے کے مطابق 1967ء کی سرحدوں پر ایک خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام عمل میں آئے۔ اس ریاست کا دارالحکومت مشرقی بیت المقدس ہو۔سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی (ایس پی اے) کے مطابق وزیر تجارت ڈاکٹر ماجد القصبی نے واضح کیا کہ کابینہ نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے مملکت میں منظم طور پر شہریوں کو نشانہ بنانے کے لیے بیسلٹک میزائلوں اور ڈرون طیاروں کے ذریعے حملوں کی کوششوں کی مذمت کی۔ کابینہ نے یمن میں آئینی حکومت کی سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز کو سراہا۔اسی طرح سعودی کابینہ نے مملکت کی طرف سے اس دھماکے کی بھی سخت مذمت کی جس میں افغانستان کے دارالحکومت کابل میں نائب صدر کی سواری کو نشانہ بنایا گیا۔

FOLLOW US