ریاض (ویب ڈیسک) سعودی حکومت نے عمرے پر عائد پابندی ہٹانے کا فیصلہ کرلیا، کورونا وائرس کی صورتحال بتدریج بہتر ہونے کے بعد جلد ہی عمرہ بحال کرنے کا اعلان کیا جائےگا، یکم جنوری سے آمدورفت کیلئے زمینی، بحری اور فضائی راستے کھولنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ کے مطابق سعودی عرب نے یکم جنوری2021ء سے شہریوں کیلئے بری، بحری اور فضائی راستوں پر سفری سرگرمیوں کیلئے ٹریفک سسٹم بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ سعودی عرب میں کوویڈ19 کے باعث آمدورفت کی سرگرمیاں معطل کی گئی تھیں۔ سعودی عرب میں کورونا کیسز میں مسلسل کمی کے باعث کاروباری اور دیگر سرگرمیوں کو مرحلہ وار بحال کیا جا رہا ہے۔ جس کے تحت سعودی عرب نے تجارتی سرگرمیوں سمیت زمینی، فضائی اور بحری راستوں پر مملکت میں آمدورفت کیلئے تمام تر سرگرمیاں بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
جس کے تحت آئند سال یکم جنوری سے تمام راستوں پر شہریوں کیلئے آمدورفت کا سلسلہ بحال کردیا جائے گا۔ سعودی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2021ء سے شہریوں کی ہر طرح کی آمدورفت کیلئے زمینی، بحری اور فضائی راستے کھولنے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن کورونا ایس اوپیز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ مملکت میں داخل پونے کیلئے کورونا نیگٹو ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ضروری قرار دیا گیا ہے۔ کورونا ٹیسٹ کے بغیر کسی شخس کو مملکت میں داخلے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ زمینی ، بحری یا فضائی راستوں سے جو بھی سفر کرکے مملکت میں داخل ہوگا اس کے پاس 48 گھنٹے پہلے کیا گیا کورونا ٹیسٹ سرٹیفکیٹ ہونا لازمی کردیا گیا ہے۔ اس سے زیادہ پرانا ٹیسٹ قابل قبول تصور نہیں ہوگا۔واضح رہے سعودی حکومت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے باعث رواں برس فروری اور مارچ میں عمرہ زائرین سمیت تمام افراد کی آمدورفت پر پابندی عائد کردی تھی۔ جبکہ تمام مساجد اور دیگر مقدس مقامات کو بھی بند کردیا گیا تھا۔ تاہم رمضان المبارک میں کچھ نرمیاں کی گئی تھیں۔ رواں سال حج کی سعادت حاصل کرنے کی بھی سعودی عرب میں مقیم لوگوں کو اجازت دی گئی تھی۔