سوڈان (ویب ڈیسک) اسرائیل سے رابطوں کے بیان پر سوڈانی وزارت خارجہ کے ترجمان کو برطرف کردیا گیا، سوڈانی وزارت خارجہ نے اسرائیل سے رابطوں کے بیان پر وزارت خارجہ کے ترجمان حیدر بداوی صدیق کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ وزارتِ خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوڈان نے اسرائیل سے سفارتی تعلقات کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں کی اور نہ ہی ایسی کوئی بات وزارت خارجہ میں زیر بحث آئی ہے۔ وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ حیدر بداوی صدیق کے بیان پر شدید حیرت ہے، ان کو کسی نے اس معاملے پر بات کرنے کا نہیں کہا تھا۔
دوسری جانب حیدر بداوی نے اپنی برطرفی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ عوام کا احترام کرتے ہوئے انہیں بتائے کہ سوڈان اور اسرائیل کے درمیان تعلقات کے لیے خفیہ طور پر کیا چل رہا ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلامی ملک سوڈان کے ترجمان وزارت خارجہ نے اسرائیل کیساتھ روابط قائم ہونے کی تصدیق کی تھی۔ ترجمان سوڈانی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ وہ اعتراف کرتے ہیں کہ اسرائیلی حکام کیساتھ روابط قائم ہیں۔ اس وقت دونوں ممالک کے حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے۔ سوڈان کے پاس اسرائیل سے دشمنی قائم رکھنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ دونوں ممالک کے درماین سفارتی تعلقات قائم کرنے کیلئے بات چیت جاری ہے، امکان ہے کہ اس سلسلے میں جلد باقاعدہ مذاکرات ہوں گے، حیدر بداوی کا کہنا تھا کہ ہم اسرائیل سے امن معاہدہ کرنے کے خواہش مند ہیں، یہ تعلقات سوڈان کے مفاد میں قائم کیے جائیں گے اور امن معاہدہ رواں برس یا اگلے برس کے اوائل تک ہوگا۔ اس حوالے سے اسرائیل کے وزیراعظم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ سوڈان کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہیں، سوڈان کے فیصلے کی وجہ سے خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مدد ملے گی۔ تاہم اب سوڈان نے ان بیانات کی تردید کردی ہے۔