Thursday March 28, 2024

بھارت سے 11 پاکستانی مہاجرین کی لاشیں برآمد بھارتی پولیس نے اجتماعی خودکشی قرار دیدی

جودھ پور (ویب ڈیسک) بھارت سے 11 پاکستانی مہاجرین کی لاشیں برآمد، مبینہ طور پر پاکستانی مہاجرین کی موت زہریلی گیس کے باعث ہوئی، بھارتی پولیس نے اجتماعی خودکشی قرار دیدیا، تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست راجھستان کے ضلع جودھپور کی تحصیل ڈیچو کے ایک فارم سے 11 ہندو پاکستانی مہاجرین کی لاشیں ملی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ زہریلی گیس کی وجہ سے یہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ خاندان کے افراد نے اجتماعی خودکشی کی ہے۔ مقامی پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے فصلوں میں استعمال ہونے والی کھاد کی بو آرہی تھی۔

ہوسکتا ہے انہوں نے یہ کیمیکل پانی میں ملا کر پی لیا ہو۔ خاندان کے افراد کی ہلاکت رات کے وقت ہوئی اور اس حوالے سے علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پاکستان سے ہجرت کرکے آنے والا یہ ہندو خاندان مالی مشکلات کا شکار تھا ، متاثرہ فیملی 2012 میں پاکستان کے صوبہ سندھ سےآئی تھی۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا تب خاندان کا ایک فردکیمپ میں موجود نہیں تھا اور صرف وہی زندہ بچا ہے باقی سب لوگ جاں بحق ہوگئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان لوگوں کو تاحال بھارتی شہریت نہیں مل سکی تھی اور شہریت کا کیس تاحال زیر التوا تھا ، ممکنہ طور پر ان کی مالی مشکلات مبینہ اجتماعی خود کشی کی ایک وجہ ہوسکتے ہیں۔

FOLLOW US