Friday May 3, 2024

مکیش امبانی کی دولت میں ایک ہی دن میں اربوں ڈالرز کا اضافہ، دنیا کے پانچویں امیر ترین آدمی بن گئے

نئی دہلی (ویب ڈیسک) مکیش امبانی کی دولت میں ایک ہی دن میں 3 ارب 20 کروڑ ڈالرز کا اضافہ، مکیش امبانی گوگل کے بانی لیری پیج ، سرجی برن، سرمایہ کار وارن بفٹ اور ٹیسلا کے سی ای او ایلن مسک کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے۔ تفصیلات کے مطابق دنیا کے ارب پتی افراد کی فہرست جاری کرنے والے فوربز میگزین کے مطابق بدھ کے روز مکیش امبانی نے 3 ارب 20 کروڑ ڈالر کمائے ہیں جس کے بعد ان کی مجموعی دولت 75 ارب ڈالر ہوگئی ہے۔

بلومبرگ کے مطابق رواں سال مکیش امبانی کی دولت میں 15 ارب 60 کروڑ ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔ بدھ کو ہونے والی پیشرفت کے بعد مکیش امبانی ٹاپ فائیو ایلیٹ کلب میں شامل ہوگئے ہیں۔ ارب پتی افراد کی فہرست میں سب سے اوپر ایمازون کے بانی جیف بیزوس ہیں جن کے پاس 185 ارب 80 کروڑ ڈالر ہیں۔
مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس 113 ارب 10 کروڑ ڈالر کے ساتھ دوسرے نمبر، فرانس کے برنارڈ آرنالٹ 111 ارب 90 کروڑ ڈالر کے ساتھ تیسرے اور فیس بک کے بانی مارک زکر برگ 89 ارب ڈالر کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی میش امبانی کی دولت کو تقریبا ڈھائی ارب ڈالرز کا بڑا دھچکا لگا تھا جس کے بعد وہ ارب پتی افراد کی فہرست میں 4درجے نیچے آگئےتھے, ریلائنس کے سالانہ جنرل اجلاس کے دوران کمپنی کے سٹاک 6 فیصد گر گئے تھے جس سے مکیش امبانی کی دولت تقریبا ڈھائی ارب ڈالرز کم ہوگئی تھی، اس نقصان کے بعد اب ارب پتی مکیش امبانی کی کل دولت لارے پیج، ایلن مسک، سرگئی برن سے بھی کم ہوگئی تھی۔ لیکن اب انکی دولت میں اضافہ ہوا ہے اور وہ پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ خیال رہے کہ مکیش امبانی بھارت کے سب سے امیر شخص ہیں۔

FOLLOW US