Friday January 17, 2025

دبئی میں غیرملکی فضائی کمپنیوں کی پروازیں بحال ہو گئیں

دُبئی(ویب ڈیسک) دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تیرہ بین الاقوامی فضائی کمپنیوں کی پروازوں کی دوبارہ آمد ورفت شروع ہوگئی ہے اور متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے عاید کردہ پابندیوں کے مکمل خاتمے یا ان میں نرمی کے بعد بین الاقوامی سیاحوں کی بھی دبئی میں دوبارہ آمد کا آغاز ہوگیا ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر جن بین الاقوامی فضائی کمپنیوں نے اپنی پروازیں بحال کردی ہیں یا ایسا کررہی ہیں ، ان میں پاکستان کی دو فضائی کمپنیاں ایئربلو اور پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز بھی شامل ہیں۔ان کے علاوہ ایئر فرانس ، سیبو پیسیفک ، مصرایئر، ایتھوپیا ایئرلائنز ، گلف ایئر ، کے ایل ایم ، لفتھانسا ، ماہان ائیر ،مڈل ایسٹ ایئرلائنز، فلپائن ایئرلائنز اور اردن کی شاہی فضائی کمپنی شامل ہیں۔ دبئی میڈیا آفس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دوسری فضائی کمپنیاں بھی بہت جلد دبئی سے اپنی پروازیں دوبارہ شروع کردیں گی۔نیز دبئی کی ملکیتی امارات ائیرلائنز اور فلائی دبئی نے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کردیا ہے۔اس نے کرونا وائرس سے بچنیکے لیے حفاظتی احتیاطی تدابیر کی پاسدارای پر زوردیا ہے اورہوائی اڈے پر آنے والوں کی تلقین کی ہے کہ وہ چہرے پر ماسک اور ہاتھوں پر دستانے پہن کررکھیں، اپنا جسمانی درجہ حرارت چیک کروائیں۔

سماجی فاصلہ اختیار کریں اور اپنی پرواز سے دو گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر آئیں تاکہ سکریننگ کا عمل بروقت مکمل کیا جاسکے۔میڈیا دفتر نے خبردار کیا ہے کہ ”صحت عامہ کے تحفظ اور جسمانی فاصلے کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے کنفرم ٹکٹ کے بغیر مسافروں ، مناسب حفاظتی آلات وسامان کے بغیر مسافروں اوراپنی پرواز کی روانگی سے چار گھنٹے قبل ہوائی اڈے پر آنے والے مسافروں کو ٹرمینل کی عمارتوں میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے ملک میں کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے 23 مارچ کو تمام مسافر اور ٹرانزٹ پروازوں کو تاحکم ثانی معطل کر دیا تھا۔امارت دبئی نے 21 جون کو اپنے ہوائی اڈوں پر سمندر پار سے آنے والے سیاحوں کا سات جولائی سے خیرمقدم کرنے کا اعلان کیا تھا اور یہ کہا تھا کہ کارآمد اقامتی ویزے کے حامل غیرملکی شہری 22 جون سے امارت میں واپس آسکتے ہیں۔دبئی حکومت نے اپنے شہریوں اور مکینوں کو بھی 23 جون سے بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی تھی لیکن اس کی شرط یہ عاید کی تھی کہ میزبان ملک انھیں قبول کرنے پر آمادہ ہوں۔ نیز وہ ممالک کرونا وائرس کے حوالے سے کم خطرے کے حامل ہوں۔

FOLLOW US