Friday April 19, 2024

نیوزی لینڈ، مساجد میں 50 نمازیوں کو شہید کرنے والے حملہ آور کو 24 اگست کو سزا سنائی جائے گی

نیوزی لینڈ(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ، مساجد میں 50 نمازیوں کو شہید کرنے والے حملہ آور کو 24 اگست کو سزا سنائی جائے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مقامی عدالت عالیہ کے جج جسٹس کیمرون مینڈر نے مساجد پر حملے میں ملوث آسٹریلوی شہری برینٹن ٹارنٹ کو سزا سنانے کے لئے تاریخ مقرر کی ہے جس کے بعد اب ملزم کو 24 اگست کو سزا سنائی جائے گی۔ اس کے علاوہ غیر ملکی خبررساں ادارے کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ تاخیر کی وجہ بتاتے ہوئے پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مساجد میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ اس وقت نیوزی لینڈ میں موجود نہیں ہیں اور کورونا وبا کے باعث فوری طور پر واپس نہیں آ پا رہے ہیں، اس لئے فیصلہ تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔

پراسیکیوٹر کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اگر 24 اگست تک لواحقین نیوزی لیںڈ نہ آسکے تو سزا کے فیصلے کے وقت انہیں ویڈیو کانفرنس پر لیا جائے گا اور ان کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ خیال رہے کہ مجرم برینٹن پر رواں برس کے اوائل میں 51 افراد کو قتل اور 40 پر اقدام قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی، تا ہم ان کے کیس کا فیصلہ ابھی تک نہ کیا گیا تھا، بعد میں کورونا کی وجہ سے اس کیس کا فیصلہ تاخیر کا شکار ہو گیا تھا لیکن اب 24 اگست کو کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے سزا دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس 15 مارچ کو نیوزی لینڈ کے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد ’’ مسجد النور‘‘ اور ’’لِن ووڈ مسجد‘‘ میں آسٹریلوی سفید فام انتہا پسند مسیحی نے اندھا دھند فائرنگ کرکے 51 نمازیوں کو شہید اور 40 کو زخمی کردیا تھا۔
مجرم نے سفاکانہ حملے کی ویڈیو فیس بک پر لائیو نشر کی تھی جس کے بعد پوری دنیا کی طرف سے نیوزی لیںڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا لیکن بعد میں نیوزی لینڈ کی وزیراعظم کے اقدامات کو پوری دنیا نے سراہا تھا۔

FOLLOW US