Thursday November 28, 2024

نیوزی لینڈ پہنچنے والے پاکستانی شہری میں کرونا وائرس کی تشخیص، جسینڈا آرڈرن نے حالات کنٹرول کرنے کیلئے فوج طلب کر لی

ویلنگٹن (ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ پہنچنے والے پاکستانی شہری میں کرونا وائرس کی تشخیص، جسینڈا آرڈرن نے حالات کنٹرول کرنے کیلئے فوج طلب کر لی، رواں ہفتے کے دوران کیویز کے دیس میں 3 نئے کرونا کیسز سامنے آنے کے بعد حکومت اور عوام تشویش میں مبتلا۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کرونا وائرس کے 3 نئے کیس سامنے آنے کے بعد کیوی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے ہنگامی طور پر فوج کو طلب کر لیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے فوج کو طلب کر کے حالات کو کنٹرول کرنے اور ملک بھر میں موجود قرنطینہ سینٹرز کی نگرانی کرنے کا کام فوج کو سونپ دیا ہے۔ کیوی فوج کو ذمے داری دی گئی ہے بیرون ملک کا سفر کرکے آنے والوں کی قرنطینہ سینٹرز میں باقاعدہ نگرانی کی جائے۔ فوج کو یہ بھی ذمے داری سونپی گئی ہے کہ قرنطینہ سینٹرز میں کرونا وائرس کے مریضوں کی نقل و حرکت کا آڈٹ بھی کرے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں ہفتے منگل کے روز امریکا کا سفر کر کے نیوزی لینڈ آنے والی 2 خواتین میں کرونا وائرس کی تشخیص کی گئی۔ بعد ازاں دونوں خواتین کو قرنطینہ سینٹر بھیج دیا گیا ۔ جبکہ حال ہی میں لاہور سے آنے والے ایک 60 سالہ پاکستانی شخص میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ یہ پاکستانی شخص براستہ میلبرن نیوزی لینڈ پہنچا تھا۔ اس تمام صورتحال میں نیوزی لینڈ کی عوام میں دوبارہ خوف و ہراس پھیلا گیا۔ یہاں واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم نے 8 جون کو اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک میں اب کرونا وائرس کا کوئی مریض نہیں ہے، اس لیے لاک ڈاون پابندیوں کو نرم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ تاہم اب نئے کیسز سامنے آنے کے بعد کیوی حکومت نے پھر سے کچھ سختیاں کرنا شروع کر دی ہیں۔

FOLLOW US